لندن(خصوصی رپورٹ)وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ عالمی ادارے اب پاکستان پر اعتماد کررہے ہیں کیونکہ وزیراعظم عمران خان ملکی معیشت کے استحکام کیلئے بے پناہ جدوجہد کررہے ہیں۔ گزشتہ روزلندن میں پاکستان ایکسپو 2019 کے افتتاح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالر کی رقم موصول ہوگئی ہے جس کے بعد ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں۔ ٹیکس نظام میں اضافہ ہورہا ہے ، ٹیکس دہندگان کی تعداد بڑھ رہی ہے اور جلد ہی قوم کو بدلا ہوا اورترقی یافتہ پاکستان نظر آئیگا۔ مضبوط اکنامی ہونے سے ہی آزاد خارجہ پالیسی ہوگی۔ ہم مشکل معاشی حالات کا سامنا کرکے ہی ایک مضبوط ملک کی بنیادرکھ رہے ہیں جبکہ گورنر سٹیٹ بینک نے بھی یقین دلادیا ہے کہ ملک درست سمت میں آگیا ہے ۔ پاکستان کی ترقی میں کاروباری برادری کا اہم کردار ہے جبکہ اوورسیزپاکستانیوں نے بھی ہر قدم پر پاکستان کو مستحکم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے ۔ بیرون ممالک میں پاکستانی مصنوعات کی تشہیر سے وہاں کی مارکیٹوں تک پہنچا جاسکتا ہے ۔پاکستانی دستکاریوں کی بیرون ملک مانگ بڑھ سکتی ہے ،سنگل کنٹری نمائشوں کے انعقاد سے بھی ایکسپورٹرز کو فائدہ پہنچ سکتا ہے اسلئے کوشش کی جائے کہ بیرون ممالک زیادہ سے زیادہ تجارتی نمائشیں کی جائیں۔ اس موقع پر چیئرمین پاک ورلڈ ٹریڈ سینٹر پاکستان اور ٹریڈ ایمبیسڈرخورشید برلاس نے بتایا کہ نمائش میں جیولری،سروسز،رئیل اسٹیٹ، گارمنٹس، مصنوعی زیورات،جیمز واسٹون،میک اپ کا سامان،کنگفکشنری آئٹمز،،رائس اور دیگر سامان کے تقریباً60سٹالز قائم کئے گئے اور پاکستان کے شہروں لاہور،راولپنڈی،اسلام آباد،ملتان،کراچی، بہاولپور، کامونکی سے نمائندگی ہے ،نمائش میں آنیوالوں نے مصنوعات کو نہ صرف پسندکیا بلکہ اشیاء کی خریداری بھی کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کیلئے چیمبرز آف کامرس سے روابط بڑھائے جائیں تاکہ سرمایہ کاروں کوہر قسم کی معلومات اور سہولیات فراہم کی جاسکیں ،ہم نے پاکستان یوکے انوسٹمنٹ کانفرنس کا بھی کی جس میں لندن سمیت برطانیہ کے دیگر شہروں سے سرمایہ کار شریک ہوئے ، کانفرنس میں یہ بات سامنے آئی کہ سرمایہ کار پاکستان اور برطانیہ دونوں ملکو ں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ ہینڈی کرافٹ ایسوسی ایشن پاکستان کے رہنما اورانٹرنیشنل بزنس کنسلٹنٹ فہد برلاس نے کہا کہ لندن کے لوگوں بالخصوص خواتین نے پاکستانی اشیا کو بے حد پسند کیا اور دوطرفہ تجارتی وفود کے تبادلوں اور نمائشوں سے پاکستانی بزنس مین یوکے میں اپنے کاروبار کو وسعت دے سکتے ہیں۔