اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،نامہ نگار،آن لائن ) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اسلام دنیا میں امن کی تبلیغ کرتا ہے کیونکہ اسلام کا بنیادی پیغام ہمیشہ ہی سب کیلئے امن رہا ہے ۔ عالمی یوم امن کے دن پر قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے کشمیر کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب میں سپیکر نے کہا کہ بھارتی متعصبانہ طرز عمل نے علاقائی امن کو داؤ پر لگا دیا ہے ۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کی طرف اقوام عالم کی توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ کشمیر کامسئلہ حل کیے بغیر دنیا میں امن کا قیام ناممکن ہے ۔ وزیرغذائی تحفظ سید فخر امام نے کہا کہ خطے میں امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے حل پرامن حل سے جڑا ہوا ہے ۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا کہ اسلا م امن و سلا متی کا مذہب ہے اورانسانیت سے محبت اور حسن سلوک کا درس دیتا ہے ۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان کا دنیا میں قیام امن کیلئے اہم کردار رہا ہے ۔ہم کشمیریوں کو مایوس نہیں کریں گے ،تمام جماعتیں کشمیر کے معاملے پر ہمارا ساتھ دیں۔ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کا نقشہ تبدیل کردیا ،کشمیر کو اپنے ساتھ شامل کر لیا، کشمیر تاریخ کے سیاہ ترین دور سے گزر رہا ہے ۔ایک سال گزرنے کے باوجود اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے کچھ نہیں کیا۔