اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ عالمی امن کیلئے پاکستان کا غیرمتزلزل عزم، عہد اور خدمت کا جذبہ بغیر ہچکچاہٹ کے قائم رہے گا۔اقوام متحدہ امن مشن کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اس موقع پر اپنے بہادر امن فوجیوں کی ’’قربانی کے جذبے ‘‘ کو یاد کرتا ہے جو دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں، انہوں نے کہا کہ یو این چارٹر کے تحت پاکستان عالمی امن کیلئے کام جاری رکھے گا۔دریں اثنا عالمی دن کے حوالے سے بتایا گیا کہ اقوام متحدہ کی بحالی میں پاکستان کا اہم کردار ہے جبکہ پاکستانی فوج کی اقوام متحدہ کیساتھ امن کے حوالے سے خدمات سر انجام دینے کی ایک نمایاں اور طویل تاریخ ہے ۔ بین الاقوامی امن و سلامتی کو فروغ دینے کیلئے اقوام متحدہ کیساتھ ہماری وابستگی کی جڑیں قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن سے جڑی ہیں جو اقوام متحدہ کے میثاق کے اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے ، دنیا کی اقوام کے مابین امن اور خوشحالی کے فروغ میں اپنا بھر پور تعاون کرنے کے عزم کی پابندی کرتا ہے ۔پاکستان نے 30 ستمبر 1947 کو اقوام متحدہ میں شمولیت اختیار کی۔ اقوام متحدہ کے امن کیپر آپریشن کیلئے ہماری مدد کا آغاز 1960 میں ہوا جب پاکستان نے کانگو میں اقوام متحدہ کے آپریشنز میں اپنا پہلا دستہ تعینات کیا۔ اس ابتدائی اقدام کو آگے بڑھاتے ہوئے پچھلے 60 سالوں میں پاکستان اقوام متحدہ مشن کے مینڈیٹ کو پوری دنیا میں نافذ کرنے میں معاون رہا ، اس سلسلے میں ہماری کامیابیوں کا سفر متوازی ہے ۔پاکستان نے دنیا بھر کے تقریباً 28ممالک میں2 لاکھ سے زیادہ فوج کے ہمراہ 46 مشترکہ مشنز میں حصہ لیا۔ ہماری افواج نے ا قوام متحدہ کے زیراہتمام ہنگامہ خیز خطوں میں انسانیت کی مدد کرنے اور امن کو بحال رکھنے سمیت دنیا بھر کے آج کے دن کو بہتر بنانے کیلئے قربانیاں دیں۔24 افسروں سمیت 157 پاکستانی جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔ پاکستان امن سلامتی آپریشنز میں خواتین کو بھیجنے والا بھی واحد ملک ہے ۔پاکستان کئی سالوں سے مستقل تعاون کرنیوالے ممالک میں سب سے بڑا اور موثر ملک رہا ہے ۔ بیرون ملک ہمارے دستے نے جنگ زدہ علاقوں کو معمول پر لانے ، امن وامان برقرار رکھنے اور انتخابات کی نگرانی کے ذریعے سیاسی حق کی منتقلی کو یقینی بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا ۔ متعدد عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کی قیادت نے عالمی سطح پر پاکستان کی پرامن فوج کی کارکردگی کو بڑے پیمانے پر تسلیم کیا ۔اس وقت پاکستان کے فوجی کانگو، وسطی افریقی جمہوریہ، جنوبی سوڈان، دارفور، صومالیہ، مغربی صحارا، مالی، بی سی اور قبرص میں تعینات ہیں۔ جو ان ممالک میں انسانی ہمدردی کے پیش نظر امن کو برقرار رکھتے ہیں اور استحکام لاتے ہیں۔انکی خدمات کی بدولت امن او ر استحکام کو فروغ ملتا ہے ۔اقوام متحدہ سلامتی آپریشنز میں پاکستان کی مستقل شمولیت میثاق کے مقصد اور اصولوں کیلئے ہمارے پائیدار عزم کی تصدیق ہے جس کے باوجود اندونی سکیورٹی فورسز پر بھاری ذمہ داری عائد ہے ۔ پاکستان اقوام متحدہ کیلئے بہترین خدمات سرانجام دے رہا ہے ۔پاکستان دوست ممالک، اقوام متحدہ کو بین الاقوامی امن کیپرنگ ٹریننگ انسٹی ٹیوشن میں شامل کرنے کیلئے باقاعدہ رسائی کا پروگرام رکھتا ہے ۔