اسلام آباد(وقائع نگار)چیئرمین پارلیمانی کشمیرکمیٹی شہریار خان آفریدی نے بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ راشٹریہ سوایم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کو ایک دہشتگرد تنظیم قرار دے کیونکہ آر ایس ایس کی طویل تاریخ مسلمانوں، عیسائیوں اور دیگر بھارتی اقلیتوں کے خلاف دہشتگردی کی کاروائیوں سے عبارت ہے ۔گزشتہ روز چیئرمین کشمیرکمیٹی نے لیگل فورم فار آپریسڈ وائس آف کشمیر (ایل ایف او کے ) کے وفد سے گفتگو میں کہا کہ بھارتی اقلیتوں اور خاص طورپر مسلمانوں کے خلاف آر ایس ایس کا تشدد بین الاقوامی قانون ، اقوام متحدہ کے چارٹر اور یواین انسانی حقوق کے اعلامیہ کی سنگین خلاف ورزی کی نمائندگی کرتا ہے ۔ وفدکے سربراہ ناصرقادری نے چیئرمین کشمیرکمیٹی کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے غیر قانونی ہندوستانی فوجی محاصرے کے ایک سال مکمل ہونے پر تیار ہونے والی اپنی دستاویزی فلم’’کشمیرہولوکاسٹ‘‘ کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے خلاف جاری بھارتی ظلم و بربریت کے خاتمے کے لئے فعال کردار ادا کریں۔