اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر اقتصادی امورحماداظہرنے کہاہے کہ کورونا وائرس کی عالمگیروبائسے نمٹنے کیلئے عالمی بینک کی امداد سے وباء سے نمٹنے کی تیاریوں اور صحت عامہ کے نظام کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے یہ بات عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کو20 کروڑ ڈالر معاونت کے معاہدے پردستخط کی تقریب سے خطاب میں کہی۔ پاکستان اور عالمی بینک کے مابین 200 ملین ڈالر کی فنانسنگ کے معاہدہ پردستخط اقتصادی امورڈویژن میں ہوئے ۔وفاقی وزیرنے کہاکہ پراجیکٹ کا بنیادی مرکز صحت کا شعبہ ہوگا۔وفاقی وزیرنے کہا کہ عالمی بینک کی طرف سے فراہم کردہ فنڈز کورونا وائرس کی روک تھام ،تشخیص اور علاج کیلئے استعمال میں لایا جائیگا۔ فنڈزکو وبائی مرض کے دوران معاشی تحفظ اور تعلیمی فروغ کیلئے بھی استعمال میں لایا جائیگا۔ منصوبے کے تحت 4 ملین خاندانوں کو ہنگامی بنیادوں پر رقم اور خوراک پہنچائی جائیگی۔ عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر الانگوپیچوموتونے کہاکہ بینک کورونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں میں پاکستان کیساتھ معاونت کاسلسلہ جاری رکھے گا۔ عالمی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے جمعرات کو پاکستان میں وبائسے نمٹنے کی کوششوں کوتقویت دینے کیلئے 200 ملین ڈالرگرانٹ کی منظوری دی، گزشتہ ہفتہ بینک نے پاکستان کیلئے 40 ملین ڈالر کی ابتدائی گرانٹ منظور کی تھی، فنڈزسے وفاقی اورصوبائی حکومتیں وبائسے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پرطبی اشیا، وینٹی لیٹرز اوردیگرآلات کی خریداری عمل میں لارہی ہیں۔