کراچی(کامرس رپورٹر)ورلڈ بینک نے پاکستان کی ترقی کی شرح کا تخمینہ مزید کم کر دیاہے ، رواں مالی سال پاکستان کی جی ڈی پی میں نمو کی شرح 3.7 فیصد تک رہنے کا امکان ہے جو جنوبی ایشیا کے ممالک میں کم ترین شرح ہے ۔عالمی بینک کی جانب سے جاری کی گئی نئی رپورٹ کے مطابق سال 2019 میں جنوبی ایشیا کی مجموعی ترقی کی شرح 7.1 تک پہنچنے کا امکان ہے لیکن انفرادی طور پر رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی اقتصادی ترقی کی شرح کم ہو کر صرف 3.7 فیصد رہنے کا امکان ہے جو گزشتہ مالی سال 5.8 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔ عالمی بینک نے جون 2018 میں اپنی رپورٹ میں 2019 کے لیے پاکستان کی ترقی کی شرح کا تخمینہ 5 فیصد لگایا تھا لیکن اب تازہ رپورٹ میں اس میں 1.3 فیصد کی کمی کر دی گئی۔رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیا میں سال 2019 میں بھارت کی ترقی کی شرح 7.3 فیصد، بنگلہ دیش کی 7 فیصد،سری لنکا کی 4 اور نیپال کی 5.9 فیصد رہنے کی توقع ہے ۔