واشنگٹن ( ندیم منظور سلہری سے ) امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے تین سالہ دور اقتدار میں امریکہ نے بہت کچھ کھویا ہے اور پایا بہت کم ہے ،عالمی سطح پر ملک کی جگ ہنسائی ہوئی ۔صدر ٹرمپ اپنے اقتدار کی تیسری سالگرہ کے موقع پر مختلف ریلیوں سے خطاب کر کے جہاں ہر شعبہ میں اپنی کامیابیوں کے جھنڈے گاڑنے کا دعویٰ کر رہے ہیں وہیں انکے مخالف ڈیموکریٹس انکے تین سالہ دور اقتدار کو امریکہ کے لئے نقصان دہ اور دنیا سے الگ تھلگ کرنے کی سازش قرار دے رہے ہیں ۔ پروفیسر جانسن جونز نے ان تین سالوں میں پاکستان امریکہ تعلقات کے حوالے سے کہا کہ صدر ٹرمپ نے جب اقتدار سنبھالا تو انہیں پاکستان کے حوالے سے جو بریفنگ دی گئی تھی اسی کو مدنظر رکھ کر وہ پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے لیکن جب انکی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی تو اسکے بعد صدر ٹرمپ نے پاکستان کے حوالے سے لچکدار رویہ اپنایا ۔پروفیسر اجے کمار شرما کے مطابق امریکہ پاکستان کی اکانومی کو بہتر بنانے کے لئے عمران حکومت کے ساتھ تعاون کر رہا ہے یہی وجہ ہے کہ دنیا کے بڑے مالیاتی ادارے پاکستان کی ریٹنگ کو بہتر قرار دے رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ کے تین سالہ دور اقتدار میں پاکستان نے کھویا بہت کم ہے البتہ نئی لیڈرشپ کافی حد تک ٹرمپ انتظامیہ کو اپنا ہمنوا بنانے میں کامیاب ضرور ہوئی ہے ۔نیویارک سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ سینٹر چک شومر نے صدر ٹرمپ کے تین سالہ دور اقتدار کو عالمی سطح پر امریکہ کی جگ ہنسائی قرار دیا ۔