لاہور،ملتان ،مظفر آباد (92 نیوزرپورٹ، نمائندگان، بیورورپورٹ) عالمی یوم حق خودارادیت پر پاکستان کے چھوٹے بڑے شہروں میں مظاہرے کئے گئے اورریلیاں نکالی گئیں ،کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔اسلام آباد میں حریت کانفرنس رہنماؤں سول سوسائٹیز اور شہریوں نے بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، اس موقع پر بھارت مخالف نعرہ بازی اور کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے گئے ۔ملتان میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور مظالم کے خلاف سیمینار اور ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ریلی کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ فوری طور پر اپنی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوائے ۔کراچی میں کشمیر بچاؤریلی نکالی گئی اس موقع پر شرکا نے حکومت سے فوری طور پر مسئلہ کشمیر پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا۔ رہنما سنی تحریک شاداب رضا نقشبندی نے مظاہرین سے خطاب میں میں کہا کہ ٹرین مارچ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی مثال ہے ۔سرگودھا،ملتان، ڈیرہ غازیخان،بہاولپور،میاں چنوں، لڈن،خان پور،جتوئی، صادق آباد،خانیوال،کہروڑپکا،رحیم یارخان،لودھراں سے سپیشل رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگاران کے مطابق مظاہرے کئے گئے ،خانیوال، بہالپور، کوہلو ،مظفرآباد،میرپور آزاد کشمیر میں سیاسی سماجی اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی جانب سے ریلی نکالی گئی، شرکا نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ استصواب رائے کے وعدے پر عملدرآمد کرائے ۔ریلیوں کے شرکانے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے ‘ کشمیری عوام کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑیں گے 160دن ہو گئے کشمیری عوام پر بھارت کا ظلم جاری ہے ، حکومت کشمیری عوام کا مقدمہ عالمی سطح پر مزید بہتر طور پر اجاگر کرے وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہو گا۔دریں اثنا آزاد جموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے یوم حق خودارادیت کے موقع پر علامتی ووٹ پاکستان کے حق میں دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری نظریہ پاکستان کے بانی اور محافظ ہیں۔کشمیریوں سے زیادہ پاکستان کی اہمیت کون جان سکتا ہے جنہوں نے سبز ہلالی پرچم کی محبت میں جان،مال ،اولاد حتی کی عصمتوں کی قربانی دی ہے ۔بھارت جتنے مرضی ظلم ڈھا لے وہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی اور پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کی لازوال محبت کو کم نہیں کر سکتا۔ میرواعظ عمرفاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری عوام کے تمام بنیادی حقوق بندوق کی نوک پر سلب کرلیے گئے ہیں،عالمی برادری سے اپیل ہے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ علاقے میں ظلم وجبر پر مبنی پالیسیوں پر عملدر آمد سے روکے ۔