اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی) سری لنکن کرکٹ ٹیم کے اعزازمیں عشائیہ کی تقریب ہوئی،تقریب کااہتمام سری لنکن ہائی کمیشن اورایس ڈی پی آئی کی طرف سے کیاگیا،عشائیہ میں سفارتکاروں سیاستدانوں اور صحافیوں نے شرکت کی،سپیکرقومی اسمبلی اسدقیصر نے عشائیے میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پرامن اور ترقی پسند پاکستان کی ضمانت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک دہائی کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد پر پوری پاکستانی قوم اور حکومت سری لنکن حکومت اور بورڈ کے اس اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔انہوں نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کی کاوشوں کو قابل ستائش قرار دیا۔