اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی،خبر نگار) الیکشن کمیشن نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 سے جیتنے والے احمد علی کے افغان شہری قرار پانے کے بعد حلقے کا انتخاب کالعدم قرار دیدیا۔ جمعرات کواحمد علی اور مولانا ولی محمد ترابی کی درخواستوں پر الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں2 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔ کمیشن نے افغان شہری سے متعلق محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ رپورٹ کے مطابق احمد علی افغان شہری ہیں، وہ انتخابات میں حصہ لینے کیمجاز نہیں۔ کمیشن نے مولانا ولی محمد ترابی کی درخواست کہ وہ حلقہ پی بی 26 کے الیکشن میںحاصل کردہ ووٹوں کی تعداد میں دوسرے نمبر پر رہے تھے تو احمد علی کی نااہلی کے بعد انہیں کامیاب قرار دینے کی درخواست بھی مسترد کردی۔ ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی نے ریمارکس دئیے کہ جنہوں نے آپ کو ووٹ نہیں دیا ان پر آپ کو کیسے مسلط کیا جائے ، قانون میں ایسی کوئی گنجائش نہیں کہ منتخب امیدوار کی نااہلی کے بعد رنر اپ کو کامیاب قرار دیا جائے ۔ الیکشن کمیشن نے پی ایس 99کراچی سے تحریک انصاف کے حلیم عادل شیخ کیخلاف درخواست واپس لینے پر کیس نمٹا دیا۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 182مظفر گڑھ سے امیدوار جمشید دستی کو 50ہزار جرمانہ کرنے پر ڈسٹرکٹ مانیٹرننگ افسر کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے جرمانہ معاف کرتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا۔دوسری جانب سپریم کورٹ نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 47 کیچ سے سابق رکن بلوچستان اسمبلی عبدالرؤف کی نااہلیت کیخلاف نظر ثانی درخواست خارج کردی ہے ۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں7 رکنی لارجر بینچ نے دہری شہریت پر عبدالرؤف کو نااہل کرنے کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے نظر ثانی اپیل خارج کردی ۔ عبدالرؤف کے وکیل کامران مرتضیٰنے اپنے دلائل میں موقف اختیار کیا کہ عدالت نے اومان کی شہریت ترک کرنے کا سرٹیفکیٹ پیش نہ کرنے پر نااہل کیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اومانی رائل ڈگری جاری ہونے کے بعد شہرت ترک ہوسکتی ہے ۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا عبدالرؤف اومانی پاسپورٹ رکھتے تھے ،چیف جسٹس نے کہا کہ عمان کی شہریت کے بعد عبدالرؤف پاکستانی شہری بھی نہیں رہے تھے ، جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ عبدالرؤف عمانی شہریت ترک کرنے کے بعد شاید غیر ریاستی شہری تھے لیکن عدالت نے انھیں غیر ریاستی شہری قرار نہیں دیا۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے وکیل کامران مرتضیٰکو کہا کہ نظر ثانی کے فیصلے میں لکھ دیا کہ عبدالرؤف غیر ریاستی شہری ہیں تو آپکے موکل کیلئے پریشانی ہوگی،اومانی پاسپورٹ لینے سے پاکستانی شہریت ختم ہوجاتی ہے ۔جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ اومان کی شہریت رکھنے والا پاکستانی شہری نہیں رہتا۔ وکیل نے کہا کہ میرے موکل پیدائشی اومانی شہری تھے ،میرا موکل اب پاکستانی شہری ہے اس نے اومانی شہریت چھوڑ ی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں تو فیصلے میں لکھ دیتے ہیں آپ کا موکل اب پاکستانی شہری بھی نہیں جس پر وکیل نے کہا کہ عدالت سے کچھ لینے آیا ہوں۔ جسٹس اعجازا لاحسن نے کہا کہ آپ اپنا راستہ بند نہ کریں۔وکیل نے کہا کہ عدالتی فیصلہ آئندہ الیکشن لڑنے میں بھی رکاوٹ بنے گا۔چیف جسٹس نے کہا کہ آپ نے اب بھی الیکشن لڑنا ہے ۔جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہا کہ فیصلہ احتیاط سے لکھا تاکہ آپکے موکل غیر ریاستی شہری نہ بن جائیں،قانون اپنا راستہ خود بنائیگا۔