ملتان،سرگودھا (نیوز رپورٹر، وقائع نگار، سٹی رپورٹر) حلقہ این اے 154 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار سید عبدالقادرگیلانی اور انکی اہلیہ بھی کروڑوں کے مالک نکلے ہیں۔نامزدگی فارمزمیں عبدالقادر گیلانی نے اپنے کل اثاثہ جات کی مالیت 7 کروڑ 95 لاکھ 46 ہزار سے زائد ظاہرکی ہے ۔ 2017 ء میں عبدالقادرگیلانی کو زرعی زمین سے 72 لاکھ سے زائد آمدن حاصل ہوئی اوروہ ایک کروڑ28 لاکھ روپے سے زائد کی بلٹ پروف گاڑی کے مالک ہیں۔ بنک اکاؤنٹ میں 76 لاکھ سے زائد کی رقم ہے اورانکے زیر کفالت انکی بیوی، ایک بیٹی اوردو بیٹے ہیں ۔عبدالقادر گیلانی نے گزشتہ 3سالوں میں متعدد ممالک کے دورے کئے ۔انہوں نے لاہور ڈیفنس وائے بلاک کے گھر کی قیمت سوا تین کروڑ روپے اوررائل آرچرڈ ہاؤسنگ سکیم میں بھی 25 لاکھ روپے کی انوسٹمنٹ ظاہر کی ہے ۔عبدالقادر گیلانی کے پاس 6 لاکھ روپے مالیت کی اسلام آباد کلب اور 6 لاکھ روپے کی لاہور شیپس کی ممبر شپ بھی ہے ،انکے پاس 17 لاکھ روپے مالیت کے دو ٹریکٹر اور 12 لاکھ روپے مالیت کے زرعی آلات بھی ہیں۔ عبدالقادر گیلانی کی اہلیہ 50 تولے زیورات کی مالک ہیں اورانکے نام پر ایک کروڑ روپے مالیت کے شیئرزبھی ہیں۔علاوہ ازیں سرگودھا کے حلقہ این اے 90 سے امیدوارممتاز اختر کاہلوں47 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثہ جات رکھتے ہیں جن میں 4 کروڑ سے زائد کی زرعی زمینیں، 82 لاکھ روپے سے زائد کی تجارتی عمارتیں، 10 کروڑ 74 لاکھ روپے سے زائد کے رہایشی پلاٹ اور مکانات شامل ہیں۔ 5 کروڑ کی اندرون ملک سرمایہ کاری کیساتھ ساتھ بیرون ملک میں 9 کروڑ 73 لاکھ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی۔ مسلم لیگ کے سابق ایم این اے چوہدری حامد حمید ایک کروڑ کے اثاثوں کے مالک جبکہ انکی بیوی 77کنال اراضی اور230 تولے سونے کی مالک ہیں ۔حامد حمیدکے پاس گاڑی نہ اپنی رہائش گاہ اور بیوی کو دیئے جانے والے تحائف کی مالیت ظاہر کی ہے ۔ این اے 90 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار تسنیم قریشی اورپی پی 77سے امیدوار انکے بھائی متین قریشی بھی کمرشل پلازوں کے مالک تاہم انہوں نے کروڑوں کی پراپرٹی لاکھوں میں ظاہر کی ہے ۔این اے 90 سے امیدوار ڈاکٹر نادیہ عزیز نے اپنی رہائش گاہ صرف ساڑھے 4 لاکھ روپے کی ظاہر کی تاہم زرعی رقبہ ظاہر نہیں کیا ۔نادیہ عزیز الشمس چکس کی مالک ،55 تولے سونا اور گاڑی بھی رکھتی ہیں۔ این اے 90 سے امیدوار ڈاکٹر لیاقت علی خان کے اثاثے 13 کروڑ50 لاکھ سے زائد ہیں جبکہ وہ بینکوں اور بیٹے کے 8 کروڑ کے مقروض ہیں، انہوں نے صادق ہسپتال کی قیمت چھ کروڑ 20 لاکھ روپے ظاہر کی ہے ۔این اے 91 کے امیدوارڈاکٹر ذوالفقاربھٹی دو کروڑ تین لاکھ کے مالک ، انکے اور انکی بیوی کے پاس ایک کروڑ47لاکھ روپے کے پرائز بانڈ ہیں۔ این اے 89 سے امیدوار محسن شاہنواز رانجھا کے اثاثے دو کروڑ 33 لاکھ 84 ہزار ،وہ اور انکی بیوی ڈیڑھ سو تولے سونا اور530 کنال اراضی کیساتھ ساتھ ایک کروڑ 41 لاکھ کے پرائز بانڈ بھی رکھتے ہیں۔این اے 88 سے امیدوار ندیم افضل چن 2 کروڑ سے زائد اورسابق وزیر مملکت پیر امین الحسنات 11 کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔این اے 91 کے امیدوار عامر سلطان چیمہ 36 کروڑ سے زائد کے اثاثہ جات رکھتے ہیں اور 23 کروڑسے زائد کی انوسیٹ اور شیئر زہیں۔ سردار شفقت حیات بلوچ نے 7 کروڑ 87 لاکھ کے اثاثے ظاہر کئے ہیں۔