کراچی(نیٹ نیوز) پاکستانی ڈاکٹر کا اعزاز،ملک میں دردِ سرسے وابستہ امراض کے پہلے سند یافتہ ماہر بن گئے ،ڈاکٹر عبدالمالک پاکستان کے پہلے دماغی ماہر ہیں جو پہلے ہی نیورولوجی ( دماغ و اعصاب) میں معاون پروفیسر کا درجہ رکھتے ہیں، اب انہوں نے یونیورسٹی آف کوپن ہیگن سے ’ہیڈ یک ڈس آرڈرز‘ دردِ سر اور اس سے وابستہ امراض کے شعبے میں ماسٹرز بھی کرلیا ۔ ڈاکٹر عبدالمالک سے قبل پاکستان میں دردِ سر کے علاج سے متعلق کوئی مستند ڈگری یافتہ ماہر ڈاکٹر موجود نہیں تھا۔ ڈاکٹرعبد الملک نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں سردرد کو روزمرہ زندگی کا حصہ سمجھ لیا گیا ہے اور اس کا واحد علاج درد کش ادویات کو ہی سمجھا جاتا ہے ، مریض کو طویل عرصے تک درد کُش ادویات نہیں لینی چاہئیں ، ان کا زیادہ استعمال دیگر امراض کا باعث بن سکتا ہے جب کہ یہ گردوں اور جگر کو بھی نقصان پہنچا سکتا ہے ، مستقل سر درد کی شکایت کے باوجود پاکستانیوں کی اکثریت اسے سنجیدہ نہیں لیتی۔