کراچی (سپورٹس رپورٹر) حیدری بلوچ فٹبال کلب کے زیر اہتمام شہہ واجہ عبدالغنی بلوچ فٹبال ٹورنامنٹ میں گزشتہ روز ایک میچ کھیلا گیا جہاں گرین بلوچ ماری پور نے سوات سپورٹس کو پنالٹی ککس پر شکست دے کراگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرلی ۔لیاری کے ککری گرائونڈ پر دونوں ٹیموں نے شروع ہی سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک دوسرے کے خلاف برتری حاصل کرنے کی کوشش کی ۔اس کوشش میں کھیل کے 10ویں منٹ میں گرین بلوچ کی طرف سے شوکت نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی پہلے ہاف کے اختتام تک گرین بلوچ کی یہ برتری قائم رہی۔ میچ کے دوسرے ہاف میں سوات اسپورٹس کی ٹیم قدرے سنبھل کر کھیلی اور میچ کے 48 ویں منٹ میں سینئر کھلاڑی کیپٹن امین کے خوبصورت پاس پر سوات اسپورٹس کے اسٹراٰیکر عبید رحمن نے شاندار گول اسکور کرکے گرین بلوچ کی برتری ختم کردی اور پھر میچ کے اخری لمحات میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پرسبقت حاصل کرنے کے لئے خوبصورت موو بنائے لیکن میچ کے اخری وسل تک دونوں ٹیمیں برتری حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکیں اس طرح یہ میچ اپنے مقررہ وقت پر ایک ،ایک سے برابر رہا ۔پنالٹی ککس کے ذریعے اس میچ کا فیصلہ کیا گیا جہاں گرین بلوچ ماری پور کی ٹیم نے 3کے مقابلے میں 4گول سے کامیابی حاصل کرکے اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ اس میچ کو ریفری عبدالباقی نے سپروائز کیا جبکہ ڈپٹی ریفریز میں شوکت گوٹائی اور غلام عباس شامل تھے ۔