لاہور (خصوصی نمائندہ ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ٹورازم ایپ متعارف کرائیں گے جس پر سیاحتی مقامات کی تفصیلات ہوں گی۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے رات گئے حضرت علی ہجویری داتا گنج بخشؒ کے مزار پر حاضری دی،پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد فاتحہ خوانی کی۔انہوں نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار پر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، سلامتی، استحکام اور سربلندی کیلئے دعا کی،وزیر اعلی نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بھی خصوصی دعاکی۔ داتا دربار میں شکایت ڈیسک اور فرسٹ ایڈ ڈیسک کا افتتاح کیا۔قبل ازیں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی کارکردگی ، مختلف پروگرامز پر پیشرفت اور مستقبل کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لئے اجلاس میں انہوں نے کہا کہ ہر شعبہ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ فروغ سے عوام کی زندگیو ں میں آسانیاں پیدا ہوں گی۔ اجلاس میں ارفع کریم ٹیکنالوجی پارک کے ساتھ ایک اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ جس کا سنگ بنیاد رواں برس کے آخر تک رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خدمت مراکز میں عوام کی سہولت کیلئے 12 مزید خدمات کا اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ پنجاب میں 10 خدمت مراکز میں 31سروسز عوام کو فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ27 اضلاع میں نئے خدمت مراکز کھولنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ای پیمنٹ گیٹ وے پروگرام ایک انقلابی اقدام ثابت ہو گا ۔ شہری اس پروگرام کے تحت اپنے ٹیکس یا دیگر ادائیگیاں آن لائن ادا کر سکیں گے ۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ شکایت سنٹر میں 50 ہزار 626 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 47 ہزار شکایات کا ازالہ کر دیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے سکھیکی کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانو ں کے ضیاع پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔