لاہور،فیصل آباد(خصوصی نمائندہ،نیوز رپورٹر،وقائع نگارخصوصی) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار، گورنر پنجاب چودھری سرور کے ہمراہ فیصل آباد کے سرکٹ ہاؤس پہنچے اور فیصل آباد کیلئے 7 بڑے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھاجن پر مجموعی طور پر 21 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ دونوں رہنماؤں نیفیصل آباد شہر کیلئے ایسٹرن ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا، گوگیرہ برانچ کینال سے منسلک پراجیکٹ 19 ارب 33کروڑ روپے کی لاگت سے 3 سال میں مکمل ہوگا،گورنر اور وزیراعلیٰ نے کھڑیانوالہ سے ساہیانوالہ انٹرچینج تک رابطہ سڑک کو دو رویہ کرنے کے پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا جس پر 25 کروڑ 60 لاکھ روپے لاگت آئے گی، اس موقع پر ڈجکوٹ کے دیہی مرکز صحت کو اپ گریڈ کرکے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا درجہ دینے ، ٹراما سنٹر کی تعمیر کے منصوبے اور ڈجکوٹ میں نئے سیوریج سسٹم کے پراجیکٹ کا بھی سنگ بنیاد رکھا گیا، گورنر اور وزیراعلیٰ نے الائیڈ ہسپتال کی ایمرجنسی کے آپریشن تھیٹرز کی اپ گریڈیشن کے پراجیکٹ کا بھی سنگ بنیاد رکھا جس پر تقریباً 34 کروڑ روپے لاگت آئے گی، انہو ں نے محکمہ بہبود آبادی کے علاقائی ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کی تعمیر کے منصوبے کا بھی آغاز کیا۔ 15 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے ریجنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں فیملی ویلفیئر ورکرز کو 2 سالہ ڈپلومہ کرایا جائے گا،قبل ازیں انہوں نے فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں جدید مشینری اور آلات کی فراہمی کے پروگرام کا اعلان کیا، انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں جدید طبی آلات اور اعلیٰ مشینری کی فراہمی پر 39 کروڑ 80 لاکھ روپے لاگت آئے گی، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واٹر ٹریٹمنٹ پراجیکٹ فیصل آباد کے شہریوں کیلئے ایک تحفہ ہے ، پہلے بھی فیصل آباد آئے ہیں،ملاقاتوں کا سلسلہ چلتا رہے گا،ارکان اسمبلی کی تجاویز اور سفارشات سنیں گے اور مسائل حل کریں گے ،فیصل آباد ڈویژن کیلئے سالانہ ڈویلپمنٹ پروگرام میں 152 ارب روپے کی 500 سکیمیں رکھی گئی ہیں،فیصل آباد میں ترقیاتی کاموں کا دائرہ کار بڑھائیں گے ،وزیراعلیٰ نے جتنے منصوبے فیصل آباد کو دیئے اس کی مثال نہیں ملتی۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے وزیراعظم عمران خان کو امریکہ کے کامیاب دورے پر مبارکباد پیش کی اور صحافیوں کے مطالبے پر فیصل آباد میں صحافی کالونی کے منصوبے کا اعلان کیا، وزیراعلیٰ نے فیصل آباد پریس کلب کے اراکین کو ملاقات کیلئے وزیراعلیٰ آفس بھی مدعو کر لیا۔قبل ازیں گورنر پنجاب چودھری سرور اور وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے سرکٹ ہاؤس کے احاطے میں پودا لگا کر شجرکاری کا افتتاح کیا۔بعدازاں گورنر اور وزیراعلیٰ سے سرکٹ ہاؤس میں فیصل آباد ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔4 گھنٹے طویل ملاقات میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے فرداً فرداً اپنے حلقوں کے مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور فلاح عامہ کی سکیموں سے وزیراعلیٰ اور گورنر کو آگاہ کیا،وزیراعلیٰ عثمان بزدار اراکین اسمبلی کی تجاویز، سفارشا ت اور مسائل خود نوٹ کرتے رہے ،وزیراعلیٰ نے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن میں 500 ترقیاتی منصوبوں پر 152 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے ،انہوں نے کہا کہ صوبے میں نئے اضلاع اور تحصیلیں بنانے کیلئے کمیٹی قائم کر دی ہے ،کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں نئے اضلاع اور تحصیلیں بنائیں گے ۔