لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے 90 شاہراہ قائداعظم پر بہاولپور ڈویژن کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار فرداً فرداً ہر رکن اسمبلی کی نشست پر گئے ، مصافحہ کیا اور حال احوال دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب کے عوام کی خوشحالی کے لئے ترقیاتی بجٹ کا 35فیصدمختص کیاگیاہے ، جنوبی پنجاب کے فنڈز کسی اور علاقے یا منصوبے کیلئے استعمال کرنے پر پابندی لگا دی ہے ، سابق دور میں پسماندہ علاقوں کو جان بوجھ کر ترقی کے سفر سے محروم رکھا گیا ،انہو ں نے کہا کہ بہاولپور ڈویژن کے اضلاع کو موٹروے سے منسلک کرنے کیلئے رابطہ سڑکیں بنائی جائیں گی، وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رابطہ سڑکیں بنانے کا پلان مرتب کیا جائے ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بہاولپور ڈویژن کے شہروں اور دیہات میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے کام تیز تر کرنے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہروں میں نکاسی آب کیلئے سیوریج سکیموں کے منصوبے جلد از جلد شرو ع کئے جائیں، بہاولپور میں فرید گیٹ تک سرکلر روڈ پر اوورہیڈ برج اور احمد پور شرقیہ میں ریلوے پھاٹک پر انڈرپاس و پل بنانے کے منصوبوں کا جائزہ لیں گے ، وزیراعلیٰ نے پولیس میں منظور شدہ خالی اسامیوں پر بھرتی کی اجازت دیدی ،پولیس کی نفری پورا ہونے سے امن عامہ کی صورتحال بہتر ہوگی، پولیس کو جلد گاڑیاں بھی فراہم کریں گے ۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے تربت میں شہید ہونیوالے لانس نائیک عبداﷲ کی نماز جنازہ میں بارتھی میں شرکت کی اور لانس نائیک عبداﷲ کی عظیم قربانی کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے پاکستان سپرلیگ کے آغاز سے قبل تمام ٹیموں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔