لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے )وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پرشہر کی 18 اہم سڑکوں پر سٹریٹ لائٹ روشن رکھنے کیلئے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے محمد عثمان معظم کا رات کے وقت مختلف سڑکوں کا دورہ کیا۔چیف انجینیر ایل ڈی اے مظہر حسین خان، چیف انجینئر میٹرو پولیٹن کارپوریشن انور جاوید، ڈائریکٹر الیکٹریکل انجینیرنگ ایل ڈی اے عبد الرزاق، ڈائریکٹر ٹیپا مبین اصغر اور لیسکو کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔عثمان معظم نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ رات کے وقت شہر کی مصروف سڑکوں کو روشن رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔ڈی جی کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سٹریٹ لائٹ کیلئے مختلف علاقوں میں منقطع کیے جانے والے بجلی کے کنکشن بحال کر دیے گئے ہیں ۔ ایل ڈی اے نے 18 میں سے 9 سڑکوں پر سٹریٹ لائٹ کی تنصیب، مرمت اور بحالی کا کام مکمل کر لیا ہے ۔ان سڑکوں پر سٹریٹ لائٹ کا کنٹرول ایم سی ایل کے سپرد کیا جا رہا ہے ۔باقی 9 سڑکوں پر کام بھی تین دن میں مکمل کر لیا جائے گا۔لیسکو حکام نے یقین دہانی کر ائی کہ کنکشن کی مرمت و بحالی کے بعد جلد ہی ان سڑکوں پر سو فیصد لائٹیں روشن کردی جائیں گی۔