فیصل آباد(راناافتخارخاں) ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے عیدالفطر پر بعض شہروں کو دہشت گردی کے خدشات کے باعث ریڈ الرٹ جاری کیا ہے ۔ پنجاب میں 100 سے زائد سیاسی، مذہبی اور حکومتی شخصیات کی سکیورٹی بہتر بنانے کا کہا گیا ہے ۔ عیدالفطر نماز کے اجتماعات اور بعد ازاں سیاسی شخصیات کے ڈیروں پر عید ملنے کے وقت سکیورٹی انتظامات بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے اس سلسلہ میں تمام اضلاع میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکام جاری کیا گیا ہے ۔ جن شہروں میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے ان میں فیصل آباد سمیت 9 شہر شامل ہیں جن میں راولپنڈی، بھکر، میانوالی، لاہور، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ اور راجن پور شامل ہیں۔ ان شہروں میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے ۔ عیدالفطر کی نماز کے لئے کھلے مقامات پر سکیورٹی خدشات ظاہر کئے گئے ہیں۔ آئی جی پولیس پنجاب کی طرف سے تمام ریجنل پولیس آفیسرز اور ضلعی پولیس سربراہوں کو آج سکیورٹی پلان تشکیل دے کر اس کی باقاعدہ منظوری لینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔