پشاور(سٹاف رپورٹر) خیبرپختونخوا بار کونسل نے سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف کوسزائے موت کے فیصلے پروفاقی حکومت کے رویہ اورعدالتی فیصلے پرتنقید کی مذمت کر تے ہوئے آج صوبہ بھر میں عدالتوں کے احترام میں بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ بارکونسل کی جانب سے جاری بیان میں بارکونسل کے وائس چیئرمین سعید خان اور حق نواز خان نے کہا سابق آرمی چیف نے آئین کے آرٹیکل 6کی خلاف ورزی کی اورغداری کے مرتکب ہوئے جس پر سپیشل کورٹ نے فیصلہ سنایا۔ فیصلے میں خامیاں ہیں تو اس کیلئے اپیل کا طریقہ کار موجود ہے ۔ وکلا برادری کی رائے میں اس کیس میں جو رویہ وفاقی حکومت خصوصی طور پر اٹارنی جنرل نے اپنایا وہ درست نہیں۔ بیان میں کہا گیا پوری وکلا برادری عدلیہ کی آزادی، احترام اورخودمختاری کیلئے متحد ہے ۔