لاہور(پ ر)چیئرمین انفارمیٹکس گروپ آف کالجز رانایاسر سلیم نے کہا ہے کہ عید الفطر کی آمد پر مخیر حضرات اپنے غریب اور مفلس،بہن بھائیوں کا خصوصی خیال رکھیں اور عید کی خوشیوں کو ان کے نام کرکے سادگی سے گزاریں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی تیسری شدید لہر نے ہر مکتبہ فکر سے وابستہ افراد پرگہرے اثرات مرتب کیے ہیں جس کے باعث ملکی معیشت سمیت ہر فرد تاریخ کے بدترین مالی بحران کا شکار ہے ۔تاہم حکومت کی مثبت کورونا پالیسی اور عوام کے بھر پور تعاون سے دن بدن کورونا وائرس کا زور ٹوٹ رہاہے اور قوی امید ہے کہ آئندہ دو ہفتوں میں حالات معمول پر آجائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہاکستان کے غیور عوام ہمسایہ ملک بھارت سمیت دنیا بھر میں کرونا سے متاثرہ افراد کی ہر ممکن امداد کے لیے اپنی خدمات پیش پیش رکھیں گے ۔ انہوں نے ملک وقوم کی سلامتی،استحکام اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دنیا بھر میں کرونا سے متاثرہ افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔