لاہور،لندن (نمائندہ خصوصی سے ،خبر نگار خصوصی، مانیٹرنگ ڈیسک ) مسلم لیگ (ن) نے صوبائی کابینہ کے فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس فیصلے کو عدالت عالیہ میں چیلنج کرنے کا عندیہ دے دیا۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف کو زندہ رہنے کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے ،پنجاب کابینہ کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں، پنجاب حکومت کا فیصلہ حکمرانوں کی کم ظرفی اور سیاسی انتقام کا ثبوت ہے ،نوازشریف کے علاج کے اہم مرحلے پر رکاوٹ ڈالنا اقدام قتل کے مترادف ہے ۔، نوازشریف کے علاج پر سمجھوتہ نہیں کریں گے ،حکومت کا فیصلہ حکمرانوں کی کم ظرفی اور سیاسی انتقام کا ثبوت ہے ۔ شہبازشریف نے کہا ہے کہ نجی شعبے کے قرض لینے میں 70 فیصد کمی پاکستانی معیشت کا نائن الیون ہے ، یہ صورتحال معاشی تباہی وبربادی کی دہائی ہے ،سٹیٹ بنک کی یہ رپورٹ حکومتی معاشی دعووں کو جھوٹ ثابت کررہی ہے ۔13.25 فیصد کی بلند ترین شرح سود پر فیکٹری، کارخانہ تو دور ریڑھی بھی نہیں لگ سکتی ۔بجلی گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، 15 فیصد مہنگائی معیشت کے لئے کرونا وائرس کی طرح مہلک ہے ۔ شہبازشریف نے شاہد خاقان اور احسن اقبال کی ضمانت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا اﷲ تعالیٰ کا کرم اور شکر ہے کہ قابل، پاکستان سے مخلص شخص اور بے گناہ قیدیوں کو آج انصاف ملا ہے ۔ لیگی رہنما مصدق ملک نے کہا کہ حکومت کے پاس نواز شریف کی ضمانت منسوخی کا اختیار نہیں ، نواز شریف کی ضمانت پنجاب حکومت نے نہیں عدالت نے دی ہے ،حکومت کے پاس ای سی ایل میں نام ڈالنے یا نکالنے کا اختیار ہے ۔ رانا ثناء نے کہا کہ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ پنجاب حکومت فیصلہ نہیں کرتی تب تک ضمانت میں توسیع تصور ہوگی ، کاپی ملنے کے بعد فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے ،اشتہاری تو وہ بھی ہے جو وزیر اعظم بنا ہواہے ۔ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے ایک بیان میں کہا کہ نوازشریف نے تمام طبی دستاویزات پنجاب حکومت اورہائیکورٹ میں جمع کرائیں، تمام طبی دستاویزات جامع اورباقاعدہ تصدیق شدہ تھیں ،بدقسمتی سے پنجاب حکومت نے کسی ٹھوس بنیاداوروجہ کے بغیریکطرفہ فیصلہ کیا۔ (ن) لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران مافیا ڈرامے اور ٹویٹ کرکے اپنی چوری نہیں چھپا سکتا، عوام کا آٹا چینی چوری کرنے والے عمران مافیا کی تحقیقات ابھی تک ختم نہیں ہوئیں۔ لیگی رہنما عظمی ٰبخاری نے کہا کہ نواز شریف کا علاج مریم نواز ہے ، مریم کے بغیر نواز شریف ٹھیک نہیں ہوسکتے ،پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چھوٹے لوگ اور چھوٹی ذہنیت کے لوگ جب حکمران بنتے ہیں تو یہی ہوتا ہے ، عطا اﷲ تارڑ نے کہاکہ نوازشریف کو اشتہار ی قراردینے کا معاملہ کیا ہوگا یہ وقت ثابت کرے گا ، اگر حکومت کم ظرفی پر اتری ہے تو ہم حالات کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔