لاہور ،اسلام آباد(این این آئی،صباح نیوز،سپیشل رپورٹر،نامہ نگار،سٹاف رپورٹر،کرائم رپورٹر)احتساب عدالت نے سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کی غیر حاضری پر شدید برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ کمر درد تو عام سی بات ہے عدالت نے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔این این آئی کے مطابق نیب نے جج چودھری امیر محمد خان کی عدالت میں سلمان شہباز کی جائیداد قرق کیے جانے کے حوالے سے رپورٹ پیش کی جس پر عدالت نے نیب کو جائیدادیں قرق کیے جا نے اور متعلقہ محکموں کو آگاہ کرکے رپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کر دی ۔صباح نیوز کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت نے شہباز شریف، حمزہ شہباز شریف ، سابق وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد اور سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کے خلاف آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل اور رمضان شوگر ملز کیسز کی سماعت 30اکتوبر تک ملتوی کر دی، شہباز شریف کے وکیل نے کہا اگر شہباز شریف پیش نہیں ہوتے تو ان کی عدم موجودگی میں ٹرائل کیا جاسکتا ہے ، سماعت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ہم سب ایک ہیں ، نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان کوئی اختلاف نہیں، مولانا فضل الرحمان کا ما رچ جعلی حکومت کے خلاف ہے ۔مزید براں اے این این کے مطابق احتساب عدالت نے پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی بریت کی درخواست مسترد کردی،احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے خواجہ برادران کی عدالتی دائرہ کار چیلنج کرنے اور عائد فرد جرم ختم کرنے کی درخواستیں بھی مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کردی ۔سٹاف رپورٹر کے مطابق مسلم لیگ (ن ) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا احتساب کے نام پر مسلسل انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے فیصلہ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے ۔سپیشل رپورٹر کے مطابق ن لیگی رہنمائوں کی پیشی کے موقع پر راستے کنٹینر اور خاردارتاریں لگا کر نوگو ایریا بنا دیا گیا،دھکم پیل بھی ہوئی ، پولیس کی جانب سے کوریج کے لئے آنے والے نجی ٹی وی کے رپورٹر او رخبر رساں ادارے کے فوٹو گرافر کو تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعہ پرڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سکیورٹی محمد نوید کو انکوائری آفیسر مقرر کردیا۔مزیر براں اسلام آباد سے نامہ نگار کے مطابق نیب تفتیشی افسر نادر عباس نے اسحاق ڈار کے خلاف تفتیش مکمل ہونے کا خط احتساب عدالت میں پیش کر دیا،احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے نیب ریفرنس کی سماعت 23 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔علاوہ ازیں گلف اور ریشماں رینٹل پاور ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی مرکزی ملزم راجہ پرویز اشرف سمیت سابق سیکرٹری شاہد رفیع عدالت پیش نہیں ہوئے ملزمان کے وکلا کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا ،عدالت نے کیس کی مزید سماعت 13 نومبر تک ملتوی کر دی ۔احتساب عدالت نے جعلی اکائونٹس کیس میں گرفتار ملزم خورشید انور جمالی کے جوڈیشل ریمانڈ میں یکم نومبر تک توسیع کر دی ۔دریں اثنا احتساب عدالت نے سابق سیکرٹری خزانہ گلگت بلتستان عارف ابراہیم کا 7 روزہ راہداری ریمانڈ منظورکرلیا۔