لاہور (نامہ نگار خصوصی، سپورٹس رپورٹر) لاہور ہائی کورٹ نے پی ایس ایل میچز کی سکیورٹی فیس وصولی کے خلاف دائر درخواست پر پی سی بی کو سکیورٹی فیس وصولی سے روک دیا۔عدالت نے درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی۔ پی ایس ایل فرنچائزز کی جانب سے احمر بلال صوفی ، سلمان اکرم راجہ اور سلمان ابوذر نیازی ایڈووکیٹ پیش ہوئے ۔ احمر بلال صوفی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ کورونا کی وجہ سے حالات مشکل ہو گئے ہیں ،سٹیڈیم خالی پڑے ہیں پتہ نہیں سیزن ہوتا بھی ہے یا نہیں ، سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو بتایا کہ پی سی بی کو درخواست کی کہ ہمارے ساتھ مل کر دوبارہ چیزیں طے کریں ، ہم کرکٹ کی ملک میں پروموشن چاہتے ہیں ، ہمیں سن کر معاملات کودرست کرنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے ، پی سی بی سیزن 2020-21 ئکے لیے سکیورٹی فیس مانگ رہا ہے ، سلمان ابوذر نیازی ایڈووکیٹ نے کہا کہ پی ایس ایل ایک عوامی مفاد کا معاملہ ہے یہ پیسے کمانے کے لیے نہیں کیا گیا ، ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں کرکٹ کی ترقی ہو انٹرنیشل کرکٹر ملک میں آئیں ۔ اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے وکیل تفضل رضوی نے پٹیشن پر اعتراض اٹھاتے ہوئے معزز عدالت کو آگاہ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں ہفتے 2 مختلف مواقع پر ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی تمام فرنچائززکو نیک نیتی کے ساتھ فنانشل ماڈل پر شکایات کا ازالہ کرنے کے لیے بات چیت کی دعوت دی۔ تفضل رضوی نے معزز عدالت کو یہ بھی بتایا کہ معاہدے کے مطابق پی سی بی اور فرنچائزز کے درمیان کسی بھی معاملے کو حل کرنے کا موزوں فورم آربیٹیریشن کا آغاز ہے ، لہٰذا فرنچائزز کی جانب سے دائر کی گئی یہ پٹیشن مسترد کی جانی چاہیے ۔" عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت تک پی سی بی فرنچائزز کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی نہ کرے ، پی سی بی تفصیلی جواب جمع کروا ئے ۔عدالت نے سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کردی۔