لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ نوازشریف کے جانے اوردھرناختم ہونے سے حکومت بہت مضبوط ہوچکی ہے ،2016سے پانامہ سکینڈل آیا ہم نے دن رات ایک بیانیہ قوم کو بتایا ہم اس بیانیہ سے کیسے پیچھے ہٹ سکتے ہیں؟اللہ تعالیٰ نواز شریف کو صحت دے لیکن جس طریقے سے وہ باہر گئے اس سے لگا کہ امیرکیلئے الگ اورعام آدمی کیلئے الگ قانون ہے ۔پروگرام ہارڈ ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کیلئے بے مثال کام کیا گیا ، ان پر دو مقدمات چل رہے ہیں ،وہ جب واپس نہیں آئیں گے تو الزام آئے گا کہ انہیں حکومت نے فرار کرادیا۔شہبازشریف نے گارنٹی دی جبکہ ان کی اپنی ساری فیملی بھاگی ہوئی اورخود کیس بھگت رہے ہیں ،عدالت کو نہیں چا ہئے تھا کہ وہ ہفتے کو عدالت لگاتی اگر یہی سماعت پیر کو ہوتی توکیا ہوسکتا تھا، فضل الرحمان کی تحریک پٹ گئی ہے ،جب ہمارا جوابی وار آئے گا تو مولانا کو پتہ چلے گا۔سمجھ نہیں آرہی کہ نوازشریف کو لاہورسے براہ راست لندن کیوں نہیں لے جایا گیا ؟ن لیگی ر ہنما ملک احمد خان نے کہا کہ نوازشریف بیماری کیوجہ سے باہر گئے ہیں، مجھے نہیں لگتاکہ نوازشریف باہر رہیں اورپی ٹی آئی کیلئے میدان کھلا چھوڑدیں وہ واپس آئیں گے ۔ ہم نے تو لاہور ہائیکورٹ میں یہ نکتہ اٹھایا ہے کہ نوازشریف کو بیرون ملک جانے کیلئے کوئی شرط نہیں لگائی جاسکتی ۔اس میں کہاں دو قانون والی بات آگئی ہے ۔میڈیکل گراؤنڈ پر لاہورہائیکورٹ میں روز فیصلے ہوتے ہیں، نوازشریف کا دوحہ میں سٹاپ اوور ضروری تھا کیونکہ ان کا وہاں پر میڈیکل چیک ا پ ہونا تھا جو ہوا ہے ۔ ایئر ایمبولینس قطرا یئرویز کی تھی جس نے وہاں سے ری فیولنگ کرنا تھی،حکومت سمجھتی ہے کہ تحریک دب گئی تو یہ ان کی غلط فہمی ہے ،اگر نیب نے رخ بدلنے کا فیصلہ کرلیا ہے توپھر حکومت اپنے دن گن لے ۔