اسلام آباد،راولپنڈی (سپیشل رپورٹر،نامہ نگار خصوصی ،92نیوزرپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر کہا ہے کہ فیصلہ وفاق، پارلیمنٹ اور جمہوریت کی فتح ہے ، پی ٹی آئی کوفنڈنگ کیس سے کوئی مسئلہ نہیں ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ترجمانوں نے آرمی چیف کی مدت ملازمت سے متعلق عدالتی فیصلے ، فارن فنڈنگ کیس پر بریفنگ دی۔وزیراعظم نے کہا کہ فیصلے کے مطابق آرمی چیف کی مدت ملازمت سے متعلق قانون سازی کرینگے ، فیصلے میں پارلیمنٹ اوروفاق کے اختیارکوتسلیم کیاگیا، فیصلے سے ملکی اداروں میں تصادم چاہنے والوں کو شکست ہوئی،قانونی ٹیم نے عدالت عظمیٰ کو مطمئن کرنے میں اہم کرار ادا کیا عدالتی فیصلہ قانونی ٹیم کی کامیابی ہے ۔وزیر اعظم نے ترجمانوں کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے حوالے سے اپوزیشن کے پراپیگنڈے کو زائل کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعظم نے اجلاس کے دوران بڑی تبدیلیوں کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ میں آ ج میں لاہور جا رہا ہوں، بڑے پیمانے پر تبدیلیاں ہوں گی۔ ارکان نے رائے دی کہ رانا تنویر کو پی اے سی کا چیئرمین بنانے کا جواز نہیں تھا۔ہوابازی ڈویژن سے متعلق امور کے حوالے سے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے پی آئی اے میں جاری اصلاحات کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی ایئر لائن کی بحالی اور اسے منافع بخش ادارہ بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔وزیر اعظم سے امور کشمیر کے وزیر علی امین خان گنڈا پور نے ملاقات کی، انہوں نے آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا ۔ وزیراعظم سے ملائیشین وزیر اعظم کے خصوصی ایلچی ، نائب وزیر خارجہ داتو مرزوکی بن حاجی یحییٰ نے ملاقات کی ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود بھی ملاقات میں موجود تھے ،انہوں نے عمران خان کو 18 سے 20 دسمبر تک کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ، وزیر اعظم نے جموں وکشمیر تنازعہ پر ملائیشیا کے اصولی موقف کی تعریف کی۔ 92نیوزرپور ٹ کے مطابق وزیراعظم ایوان وزیراعلیٰ ہائوس میں اہم اجلاسوں کی صدارت کرینگے ،پنجاب کابینہ میں بڑے پیمانے پراکھاڑپچھاڑکاامکان ہے ،وزیراعظم پنجاب کی پارلیمانی پارٹی سے بھی خطاب کرینگے ۔گورنر ،وزیراعلیٰ سے بھی ملاقاتیں کرینگے