لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے 60سال سے بشمول عدلیہ کراچی سے متعلق کسی نے کچھ نہیں کیا۔پروگرام نائٹ ایڈیشن میں اینکر پرسن شازیہ ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکراچی سے متعلق اب بتایا نہ جائے بلکہ کچھ کیا جائے ۔ آپ 17ججز ہیں،کراچی کا انتظام آپ خود سنبھال لیں ، نالوں کی صفائی کرا کے ہمیں دکھا دیں ،ہم ان کے ممنون ہونگے ۔عدلیہ نے اس بارے میں 60سال میں کیا کیا ہے جو آج برہم ہورہے ہیں۔ہر کسی کو اپنے گریبان میں دیکھنا ہے ۔ کہیں نہیں لکھا آبزرویشنز سے حکومتیں چلتی ہیں۔ اسطرح حکومتیں چل سکتی ہیں نہ عدالتیں چل سکتی ہیں۔ کراچی میں مداخلت کرنے کا وفاق کو کوئی آئینی و قانونی اختیار نہیں ۔ ن لیگ کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا نیب کسی کو نوٹس بعد میں جاری کرتا ہے مگر میڈیا پر تفصیل ہفتہ پہلے چلنا شروع ہوجاتی ہے جس سے لوگوں کی دلچسپی بڑھتی ہے اور وہ آجاتے ہیں۔ ہم نے لوگوں کے گھروں میں جا کر خط نہیں پہنچائے کہ آپ نے آنا ہے ۔عثمان بزدار اگر اکیلا نیب دفتر آیا ہے تو وہ کون سا لیڈر ہے ۔کارکن تو لیڈروں کیساتھ آتے ہیں۔مریم نواز کی پیشی کی تشہیر ن لیگ نے نہیں کی بلکہ حکومت نے کی۔مریم نواز کی گاڑی پر پتھرائو ہوا ہے ،بلٹ پروف گاڑی کا شیشہ پتھر سے نہیں ٹوٹتا۔ایسا طاقتور پتھر آج تک نہیں بنا جو بلٹ پروف گاڑی پر اثر کرے ۔سابق ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب راجہ عامر عباس نے کہا پانامہ کیس سے لیکر ابتک جتنے بھی چیف جسٹس آئے ان تمام نے یہی کہا کہ نیب ریفرنس فائل کرتا ہے مگر اسے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے شواہد اکٹھے نہیں کرتا،پراسیکیوشن بھی نہیں ہوتی۔سیاسی پارٹیوں اورعوام کا نیب سے اعتماد اٹھ چکا ۔احتساب کے نام پر نیب کا ادارہ لوگوں کو ایک مذاق لگتا ہے ۔ لوگ سمجھتے ہیں نیب کا ادارہ ایک لانڈری بن چکا ہے ، جو نیب میں جاتا ہے اسے کلین چٹ مل جاتی ہے ۔