اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، صباح نیوز،این این آئی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ آزاد عدلیہ اور آزاد صحافت کے بغیر جمہوریت مکمل نہیں، یہ جمہوریت نہیں کہ این آر او دو گے تو قانون سازی ہوگی ، عدلیہ حکومتی اثر ورسوخ سے آزاد ہوسکتی ہے مگر قانون سے بالاتر نہیں، عدلیہ کوبھی اثاثوں کے متعلق جوابدہ ہونا ہوگا۔ اسلام آبادمیں عالمی یوم جمہوریت کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ملک میں جمہوریت کے فروغ کیلئے مزید اقدامات کرنا ہوں گے میڈیابھی اپناکرداراداکرے ،روزانہ کی بنیاد پرجھوٹی خبریں پھیل رہی ہیں، فیک نیوزسے کسی کی عزت مجروح،معاشرے میں بگاڑ ہو تواس کا بھی نظام ہونا چاہیے ۔سپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ انتخابی نظام کسی بھی ملک میں جمہوریت کے استحکام کا بنیادی جزو ہے اسے صاف شفاف اور منصفانہ انتخابات کے بغیر جمہوریت کو مستحکم نہیں بنایا جا سکتا ۔ فوادچودھری نے کہا ہے کہ خطے کے تمام ملکوں کے مقابلے میں پاکستانی میڈیا سب سے زیادہ آزاد ہے ، بدقسمتی سے ایک فیک آرڈریننس پر 5روز سے وزیراعظم اور وزیر اطلاعات کیخلاف میڈیا میں اشتہارات شائع کئے جارہے ہیں، اگر جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے تو سب کو قانون کے تابع ہونا ہوگا۔ وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہربل پراپوزیشن سیاست کھیل رہی ہے ، اپوزیشن اپنی چوری بچانے کیلئے حکومت کو ہرجگہ تنگ کرتی ہے ، جوالیکشن ہارتا ہے دھاندلی کا الزام لگاتا ہے ، جمہوریت کو ڈسٹرب کرنے والے دن چلے گئے ۔