کراچی (سٹاف رپورٹر )سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس محمد مقبول باقرنے کہا ہے عدلیہ کو بھی اپنے دائرہ کار اور حدود میں رہتے ہوئے کام کرنا چاہیے ۔ نجی جامعہ کے سیمینار سے خطاب میں انہوں نے کہاآئین کے تحت انسانی حقوق ،سیاست، آزادی اظہار ،عقائد پر عملدرآمد کی ہر انسان کو اجازت ہے ، آئین اقلیت کے حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے ،ا علی تعلیم سب کا حق ہے ، آئین کے آرٹیکل 38 کے مطابق تمام لوگوں کے جان ومال کو تحفظ فراہم کرنا اور صحت مند ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ، انصاف کی فراہمی ہر خاص و عام کا حق ہے لیکن ہم اب بھی کیسز کے بیک لاگ کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا قانون کی تعلیم معیار کے مطابق نہیں، ایسے ادارے بنانے کی ضرورت ہے جہاں قانون و انصاف کے جدید تقاضوں کو پورا کیا جائے ،نوکریوں میں بنیادی حقوق اور میرٹ کو مدنظر رکھنا ضروری ہے ،روٹی کپڑا اور مکان کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے ،اعلی ٰعدالیہ آئینی ادارہ ہے ، عدلیہ کا کام جمہوریت اور انسانی حقوق کی پامالی کو روکنا ہے ۔