اسلام آباد (لیڈی رپورٹر ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کوعدلیہ مخالف پریس کانفرنس کرنے پر توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ( کل ) جمعہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ۔ ڈپٹی رجسٹرار آفس کی طرف سے جاری شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ نواز شریف کو ضمانت دینے سے مختلف بیماریوں میں مبتلا قیدیوں کی طرف سے درخواستوں کا سلسلہ بھی شروع ہوجائے گا اور یہ بھی کہا کہ نواز شریف کو ریلیف دینے کے لئے خصوصی طورپر شام گئے تک عدالت لگائی گئی، مذکورہ الفاظ توہین عدالت کے زمرے میں آتے ہیں کیوں نہ آپ کے خلاف توہین عدالت آرڈیننس 2003 کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے ، آپ کو ہدایت کی جاتی ہے کہ کل (یکم نومبرکی) صبح 9بجے عدالت پیش ہوں ۔