کورونا وبا کے وار پھر تیز ہو گئے ہیں اور بدھ کے روز پاکستان میں 75افراد جاں بحق جبکہ 1388نئے مریضوں کا اضافہ ہو گیا ہے، مجموعی اموات کی تعداد بڑھ کر 13013ہو گئی ہے۔ صورتحا ل یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے مختلف کھلاڑیوں میں کورونا تشخیص کیے جانے کے بعد پاکستان سپر لیگ 6 کو ملتوی کر دیا ہے ۔گزشتہ ماہ کے اوائل میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں کمی دیکھنے میں آ رہی تھی لیکن سکول کھلنے‘ بازاروں میں زیادہ آمدورفت‘ شادی بیاہ کی تقریبات کے اجتماعات میں شرکت اور ایس او پیز کی عدم پابندی کی وجہ سے مریضوں کی تعداد اور اموات میں اضافہ ہو گیاہے۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ شہریوں نے اپنے طور پر یہ سمجھ لیا ہے کہ جیسے کورونا کی وباختم ہو گئی ہے حالانکہ ہرگز ایسا نہیں ہے ۔آج بھی ماسک پہننا اور ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنا‘ اجتماعات میں کم سے کم جانا اور بازاروں میں بلا ضرورت خریدوفرو خت کے لئے نکلنا اتنا ہی نقصان دہ ہے جتنا پہلے تھا ۔اس سلسلہ میں عالمی ادارہ صحت بھی انتباہ جاری کر چکا ہے کہ کورونا کے ایک سال کے عرصہ میں بھی ختم ہونے کے امکانات نہیں ہیں اور بچائوکے لئے ویکسین ہی کافی نہیں بلکہ اس کے لئے احتیاطی اقدامات زیادہ ضروری ہیں‘ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ احتیاط کی جائے‘ ماسک پہنا جائے ‘ فاصلہ رکھا جائے اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے تاکہ مریضوں کی تعداد اور اموات کو بڑھنے سے روکا جا سکے۔