لاہور(رپورٹ: قاضی ندیم اقبال) حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر ؒ کا 777واں سالانہ عر س 27اگست کو شروع ہوگا ۔محکمہ اوقاف پنجاب کی جانب سے عرس انتظامات کیلئے 54لاکھ32ہزار روپے کی گرانٹ جاری کردی گئی جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے عر س کا شیڈول منظور کرلیا گیا۔ذرائع کے مطابق حسب سابق رواں برس بھی سجادہ نشین دیوان مودود مسعود چشتی کو سالانہ پیچوں کی رسمیں ادا کرنے کیلئے 14 لاکھ روپے ادا کئے جائینگے ۔ عرس تقریبات منگل سے شروع ہونگی،بہشتی دروازہ5 ویں محرم الحرام بمطابق 5ستمبرجمعرات کی شب 8بجے کھولا جائیگا۔تاہم عدالتی احکامات کی روشنی میں سالانہ محفل قوالی کا انتظام سجادہ نشین سے واپس لیکر زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف پاکپتن کی سربراہی میں قائم کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے ۔ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر ؒ کے عرس کی تقریبات کے انعقاد کی غرض سے اعلیٰ سطح کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس سیکرٹری اوقاف ذوالفقار احمد گھمن کی زیر صدارت ہوا۔ قبل ازیں سجادہ نشین دیوان مودود مسعود چشتی نے سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور سے خصوصی ملاقات کی جس میں ضلعی انتظامیہ اوراوقاف کے افسر بھی موجود تھے ۔ سیکرٹری اوقاف نے سجادہ نشین پر واضح کیا کہ روزانہ کی بنیاد پر عوام الناس کی جانب سے نوری دروازہ کی بندش کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ زائرین کی مشکلات میں اضافہ قابل قبول نہیں، لہٰذا سجادہ نشین ہر ماہ کی نوچندی جمعرات کو نوری دروازہ بند کرنیکا سلسلہ فوری طور پرختم کریں۔شیڈول کے مطابق حسب سابق چونکہ ابتدائی دو یوم 5 اور 6 محرم کی شب بہشتی دروازہ کھولنے کی سعادت سجادہ نشین کو حاصل ہوتی ہے ، لہٰذا پہلے دونوں روز بہشتی دروازہ مقررہ اوقات میں کھلنا چاہئے تاکہ زائرین کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے ، اگر کوئی تاخیر ہوئی تو ڈی پی او، ڈپٹی کمشنر اور آر پی او اسکے ذمہ دار ہونگے ۔ذرائع کے مطابق7 محرم کو صوبائی وزیر اوقاف صاحبزاد ہ سعید الحسن شاہ ،8 محرم کوسیکرٹری وقاف ذوالفقار احمد گھمن، 9 محرم کو کمشنر ساہیوال ڈویژن، زونل ایڈمنسٹریٹر اور ڈپٹی کمشنرز مشترکہ طور پربہشتی دروازہ کھولنے کی سعادت حاصل کرینگے ۔کوآرڈی نیشن میٹنگ میں کمشنر ساہیوال ڈویژن ندیم الرحمٰن،ڈپٹی کمشنر احمد کمال مان،آر پی او ساہیوال ہمایوں شیر تارڑ،ڈی پی او عبادت نثار،ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری،ڈائریکٹر پراجیکٹ حامد مسعود، ڈپٹی ڈائریکٹر آر کیٹیکٹ چوہدری عبد الغفور،ایڈمنسٹریٹر اوقاف پاکپتن رانا طارق، ڈسٹرکٹ منیجرپاکپتن ذیشان نسیم،چیف ایگزیکٹو آفیسر صحت پاکپتن اطہر اقبال اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔ دوران اجلاس بتایا گیا کہ سکیورٹی کی غرض سے دربار شریف کے اطراف میں مختلف مقامات پر6چوکیاں، مورچہ جات پولیس فورس کی ڈیوٹی کیلئے بنائے گئے ہیں۔سکیورٹی مانیٹرنگ کیلئے دربار شریف میں سی سی ٹی وی سنٹربنایا جائیگا۔