لاہور(نمائندہ خصوصی،نمائندہ خصوصی سے ) حضرت سید علی بن عثمان الہجویری ؒ المعروف حضرت داتا گنج بخش ؒ کے 976ویں سالانہ عرس تقریبات کے دوسرے روزمقامی تعطیل ہونے پر عقیدت مندوں کا ہجوم امڈ آیا،اس موقع پر باضابطہ طور پر محفل سماع کا افتتاح کیا گیاجو آج آخری روزبھی جاری رہے گی ۔محفل سماع کی افتتاحی تقریب گزشتہ روز سماع حال داتا دربار میں منعقد ہوئی ،جس کا افتتاح صوبائی وزیر اوقاف صاحبزادہ پیر سید سعید الحسن شاہ نے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، ایڈمنسٹریٹر سکندر ذوالقرنین کھچی، ایگزیکٹو آفیسر بابر سلطان گوندل،چیئر مین امور مذہبیہ کمیٹی نذیر احمد چوہان، سماع کمیٹی داتا دربار کے چیئرمین ملک عابد سمیت دیگر اراکین اور عقید ت مندوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔نقیب محفل کے فرائض خطیب داتا دربار مفتی رمضان سیالوی نے ادا کئے ۔ تقریب کا آغاز قاری سید صداقت علی نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔جبکہ حافظ مرغوب احمد ہمدانی نے نعت پڑھنے کی سعادت حاصل کی جس کے بعد معروف قوال مہر علی ، شیر علی نے اپنا کلام پیش کیا جسے حاضرین مجلس نے خوب سراہا جس کے بعد قوال آصف سنتو خان، قوال فیاض حسین، شہباز حسین، قوال عارف فیروز خان، قوال نذیر اعجاز فریدی، قوال ضمیر علی ، قوال حاجی بدر علی ، قوال ندیم جمیل، قوال استاد اختر حسین، صابر حسین کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر معروف قوالوں نے نعتیہ و عارفانہ کلام اور منقبت پیش کی۔ آج عرس کے تیسرے رو ز بھی سماع حال میں قوالی کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ رات گئے ساڑھے چار بجے ’’ رنگ کی خصوصی محفل ‘‘کے بعد اختتامی دعا ہو گی ۔ خطیب داتا دربار مفتی رمضان سیالوی دعا کروائیں گے ۔قبل ازیں عرس کے دوسرے روز قومی محفل نعت کا سلسلہ جاری رہاجس کی صدارت دیوان سید طاہر نظامی سجادہ نشین درگاہ خواجہ نظام الدین محبوب الٰہی(انڈیا)نے کی جبکہ عبد العلیم خان ممبر پنجاب اسمبلی محفل کے مہمان خصوصی تھے ۔ قومی محفل نعت میں پیر سید انتصار الحسن شاہ سجادہ نشین آستانہ چھالے شریف، پیر سید ظفر اقبال شاہ جادہ نشین علی پور سیداں شریف ،صاحبزادہ پیر سعید احمد شاہ گجراتی ، میاں عمران احمد،عبد القیوم خان، طارق محمود جاوید ڈائریکٹر لاہور عجائب گھر،شیخ امین ، حاجی شفیع،میاں عبد الوحید، صوفی ریاض احمدنے بطور مہمانان گرامی شرکت کی۔ علاوہ ازیں محفل نعت کے اختتام پر ’’ خصوصی محفل ختم شریف ‘‘ کا اہتمام کیا گیا اور بعد ازاں لنگر کی تقسیم ہوئی ۔’’ختم الانبیائ، ختم غوثیہ، ختم خواجگان‘‘ کے سلسلے کی خصوصی تقریب رات 1بجکر55منٹ تک جاری رہی۔ رات 2بجے خطیب جامع مسجد داتا دربار مفتی رمضان سیالوی نے دعا کروائی۔