لاہور/قصور (نمائندہ خصوصی سے ،ڈسٹرکٹ رپورٹر )محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیر اہتمام عالمی حضرت بابا بلھے شاہ کانفرنس کا انعقادکیا گیا۔ پاکستان سمیت دنیا بھر سے زائرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ فضا نعروں سے گونجتی رہی جبکہ حضرت بابا بلھے شاہ ؒکے صوفی کلام پر زائرین بے ساختہ جھوم اٹھے ۔ کانفرنس کی صدارت صوبائی وزیر اوقاف صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ نے کی جبکہ کانفرنس میں سیکرٹری ذوالفقار احمد گھمن، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، ایڈمنسٹریٹر لاہور زون ایم اشرف و دیگر نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس سے مہتمم جامعہ نعیمیہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، معروف کالم نگار سجاد میر، متحدہ علماء بورڈ کے وائس چیئرمین ضیائالحق نقشبندی، سمیت جید علماء مشائخ، سکالر ز نے خطابات کئے ۔کانفرنس کے شرکاء کے استقبال کے حوالہ سے ڈسٹرکٹ خطیب قصور مفتی عمران سجاد متحرک دکھائی دیئے ۔صوبائی وزیر اوقاف پنجاب صاحبزادہ سیّد سعید الحسن شاہ نے اس موقع پر اخبارنویسوں اور کانفرنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوفیاء باہمی محبت اور بھائی چارے کے امین اور رنگ ونسل ومذہبی فکر سے بالا تر ہوکر انسان دوستی ، روادار ی اور عدم تشددکے پیغامبر تھے ۔روحانی اقدا ر کے فروغ سے ہی فلاحی معاشرہ کا قیام ممکن ہے ،نسل نو کے کردار اور عمل کی تشکیل کے لیے صوفیا ء کی تعلیمات پر عمل پیر اہونا ہوگا۔ صوفیاء کی تعلیمات کے ابلاغ سے ہی روادانہ فلاحی معاشرے کی تشکیل اور دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا۔موجودہ حالات میں اتحاد واتفاق کی فضاکومستحکم رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔