لاہور ( سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جب حکومت غفلت کی نیند سو رہی تھی جماعت اسلامی اور الخدمت کے ہزاروں رضا کار قوم کی خدمت کیلئے میدان میں تھے ۔ڈاکٹرز،نوجوان عزم کریں کسی پاکستانی کو بھوکا اور علاج کی سہولت کے بغیر نہیں مرنے دیں گے ۔یہ وقت تعصب اور نفرت کا نہیں آپس میں جڑنے اور متحد ہونے کا ہے ۔حکومت اب تک ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو بھی وائر س سے بچاؤ کیلئے ضروری سامان نہیں دے سکی وہ رضاکاروں کو کیا دیگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے آئی یوتھ کے ذمہ داروں سے ویڈیو لنک پر خطاب اور پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محمد افضل کی قیادت میں وفد سے منصورہ میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا جماعت اسلامی پہلے دن سے قوم سے اپیل کررہی ہے کہ اللہ سے تعلق کو مضبوط اور اجتماعی توبہ و استغفار کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے جے آئی یوتھ کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ گلی محلے کی سطح پر خدمت کمیٹیاں منظم کریں اور نوجوانوں کو شامل کر کے ضرورت مندوں اور بالخصوص معذور افراد کی خدمت اور دیکھ بھال کریں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف جن کی زندگیاں خطرے میں گھری ہیں، انہیں سبسڈی پر علاج کی خصوصی سہولیات مہیا کرے ۔حکومت ابھی تک کرونا سے بچاؤ کیلئے کٹس ،این 95 ماسک اور دستانوں جیسی بنیادی چیزیں بھی سرکاری ہسپتالوں کے عملے کو نہیں دے سکی،انہیں حفاظتی سامان مہیا نہ کرنا حکومت کی غیر سنجیدگی اور ناکامی کا ثبوت ہے ۔ وفد نے بتایا کہ پیما کے پلیٹ فارم سے ایک سو سے زائد ڈاکٹر ز آن لائن ہمہ وقت کرونا سے بچاؤ کیلئے عوام کی رہنمائی کر رہے ہیں۔