لاہور(سپورٹس رپورٹر) قائد اعظم ٹرافی کے پہلے ہی میچ میں دو ڈبل سنچریاں بن گئیں، سدرن پنجاب کے اوپنر سمیع اسلم نے ناقابل شکست 243 رنز بنا کر بیٹ کیری کیا، سندھ کی جانب سے عابد علی کے ناقابل شکست 249 رنز جبکہ خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان نے 176 رنزبنائے ۔دوسرے روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں سدرن پنجاب نے 291 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ سے اپنی اننگز کا دوبارہ آغازکیا اور پوری ٹیم 467رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ سمیع اسلم نے 29 چوکے اورایک چھکے کی مدد سے 243 رنزبنائے ۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے وقاص مقصود نے 83 رنز کے عوض 4 ، حسن علی نے 3کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ کے دوسرے روز سندھ کے کپتان سرفراز احمد نے 473 رنز 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر اننگز ڈکلیئر کردی۔ عابد علی 249 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے ۔ بلوچستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ناردرن اور خیبرپختونخوا کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم میں جاری میچ کے دوسرے روز خیبرپختونخوا کے بلے بازوں نے مزید 183 رنز بنائے اورنو وکٹوں پر 526 رنز پر اننگز ڈکلیئر کردی ۔کپتان محمد رضوان نے 176 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔شاداب خان نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ سدرن پنجاب اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں میچ کی پہلی اننگز میں 400 رنز بنانے پر 5,5 اضافی پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ دوسری طرف قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے دوسرے روز کا کھیل بھی مکمل ہوگیا اور سنٹرل پنجاب کی جانب سے احمد صفی عبداﷲ نے 7 شکار کئے ۔ سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 173 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ۔ کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں جاری میچ میں خیبرپختونخوا کی پوری ٹیم 246 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ محمد نعیم نے 108 رنز بنائے ۔ ناردرن کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے سپنر رضا حسن نے 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بلوچستان اور سندھ کی ٹیموں کے درمیان این بی پی سٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کے دوسرے روز میزبان ٹیم نے 55 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا۔ وکٹ کیپر بیٹسمین سیف اﷲ بنگش نے 10 چوکوں کی مدد سے 72 رنز بنائے ۔ سندھ کی پوری ٹیم 235 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی۔