لاہور،اسلام آباد(نمائندہ خصوصی سے ،کرائم رپورٹر،وقائع نگار خصوصی)وفاقی بیورو کریسی میں تقرر و تبادلے کردیئے گئے ،بلال احمدکو قونصل جنرل تجارت و سرمایہ کاری پاکستان تجارتی مشن ہانگ کانگ ،عظمت محمود خان کو قونصل جنرل تجارت و سرمایہ کاری پاکستانی سفارتخانہ واشنگٹن میں تعینات کر دیاگیا۔ ڈاکٹر اجمل کی خدمات خیبر پختونخوا حکومت سے نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے سپرد کر دی گئیں ۔سیکرٹریٹ گروپ گریڈ 20کے ہدایت اللہ جوائنٹ سیکرٹری آبی وسائل ڈویژن تعینات ،گریڈ 18کی سیدہ رملہ علی کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد،آفس مینجمنٹ گروپ گریڈ 18 کے عزیز اللہ خان کو سیکشن افسر مذہبی امور ڈویژن تعینات کر دیا گیا ۔ادھر حکومت پنجاب نے مزید دو افسروں کی خدمات وفاق سے واپس حاصل کرلیں۔ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے ایک ماہ قبل پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے ڈاکٹر نویدچودھری کی خدمات وفاق کے سپرد کیں، تاہم ان کی خدمات واپس حاصل کر لی ہیں، ذرائع کا دعویٰ ہے کہ انہیں کسی محکمے کا انتظامی سربراہ لگایا جا ئے گا جبکہ دوسری جانب پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس ہی کے ایک اور افسر اسد اسلام مانی کی خدمات بھی وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کی درخواست پر پنجاب حکومت کے سپردکر دی ہیں۔ادھر حکومت پنجاب نے ایک افسر کی بیرون ملک رخصت سمیت متعدد افسروں کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دئیے ۔ گزشتہ رات سوروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق انڈر ٹرانسفر عمران اکرم چوہان کو تبدیل کر کے ایڈیشنل سیکرٹری ایم پی ڈی ڈی ،تقرری کی منتظرمس امیرہ بیدار کو ڈپٹی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ،تقرری کے منتظرموسی علی بخاری کو گریڈ18میں ترقی دے کراسسٹنٹ کمشنر جنرل ملتان ،ظہور حسین ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ )خانیوال کو تبدیل کر کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مظفر گڑھ ،عثمان ممبر(پرائیویٹ سیکٹر ڈویلپمنٹ ) پی اینڈ ڈی کو تبدیل کر کے افسر بکار خاص بنانے ،تقرری کے منتظر ساجد بشیر کو ڈپٹی سیکرٹری خزانہ ، تقرری کی منتظرمسز نورش عمران کوڈائریکٹر ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب اورپنجاب فوڈ اتھارٹی کی صوابدید پرموجودعبد اﷲ خرم نیازی کو ڈپٹی سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر تعینات کر دیا گیا جبکہ تقرری کے منتظرطاہر خورشید کی عمرہ کی ادائیگی کے لئے یکم فروری سے 15فروری تک پندرہ یوم کی بیرون ملک رخصت منظور کر لی ۔علاوہ ازیں ڈی آئی جی سہیل اختر سکھیرا کو ڈی آئی جی آپریشن پنجاب تعینات کردیا گیا۔