کراچی(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) جماعت اسلامی کے تحت شاہراہ قائدین پر ہونے والے عظیم الشان اور تاریخی حقوق کراچی مارچ میں 14اکتوبر کو ملک گیر سطح پر یوم یکجہتی کراچی منانے اورآئندہ ماہ اکتوبر کی پندرہ،سولہ اور سترہ تاریخ کو کراچی بھر میں حقو ق کراچی تحریک کے مطالبات کی منظوری کے لیے عوامی ریفرنڈ مکرانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔حقوق کراچی مارچ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کراچی کے عوام کے حقوق حاصل کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ ہاؤس یا سندھ اسمبلی کا گھیراؤ بھی کیا جاسکتا ہے ۔عروس البلاد کراچی اور اس کے تین کروڑ عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ،کراچی کے مسائل کے حل اور کراچی والوں کے آئینی وقانونی اور جائز حق کے حصو ل کی جدوجہد جاری رہے گی۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اورکراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مارچ میں اعلان کراچی کے عنوان سے ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا جس میں حقوق کراچی تحریک اور عوام کے مسائل کے حل کے حوالے سے مختلف مطالبات کیے گئے ہیں۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ عظیم الشان حقوق کراچی مارچ پر میں کراچی کے عوام اور جماعت اسلامی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔کراچی کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے اور اس کی تباہی پورے ملک کی تباہی ہے ،ایوب خان سے لے کر آج تک کسی حکومت نے کراچی کو اس کا حق نہیں دیا ہے ،صوبائی اور وفاقی حکومت نے بھی ہمیشہ کراچی کے لوگوں کا استحصال کیا ،موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت بھی کراچی کے ساتھ ناانصافی کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں مردم شماری پراعتراضات ہیں لیکن وفاقی حکومت نے ابھی تک اعلان کے باوجود مردم شماری کو درست کرنے کے لیے کچھ نہیں کیا۔جماعت اسلامی کراچی کے ساتھ ہے اور 14اکتوبر کو ملک بھر میں یوم یکجہتی کراچی منارہے ہیں،شہر کے بزر گ،جوانو۔ ماؤں،بہنوں، بیٹیوں اور پورے کراچی کے عوام کے لیے ملک بھرمیں اظہار یکجہتی کریں گے ۔کراچی کو بااختیار شہری حکومت دی جائے ،مردم شماری درست کی جائے ،عوام کو بجلی،پانی سمیت جو بے شمار مسائل درپیش ہیں ان سے نجات دلائی جائے ۔مارچ سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ کراچی پورے ملک کی معیشت کا پہیہ چلاتا ہے ، 67فیصد سے زائد ریونیو جمع کراتا ہے ،حکمرانوں نے اس شہر کو لاوارث اور تنہا کردیاہے ،ہم اسے تنہا نہیں چھوڑیں گے ، سندھ کے وڈیرے اور جاگیردار ہاریوں اور کسانوں کا استحصا ل کرتے ہیں ،یہ نہ ان کو حق دیتے ہیں اور نہ شہری علاقوں کے ساتھ انصاف کرتے ہیں۔