لاہور،کراچی (نمائندہ خصوصی سے ،سٹاف رپورٹر) ملک بھر میں شب برات انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، شب برات کی مناسبت سے مساجداورگھروں میںخصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیاتاہم کو رونا وائرس کی حفاظتی تدابیر پر عملدرآمدکے سلسلہ میں مساجد میں میلاد و ذکر و نعت کی محافل منعقد نہیں کی گئی، فرزندان اسلام نے اﷲ تعالیٰ کے حضور کو رونا وائرس کی آزمائش سے نکالنے سمیت اپنے گناہوں کی معافی طلب کی۔ بادشاہی مسجد، جامع مسجد داتا دربار سمیت کسی بڑی مسجدمیں شب برات کے موقع پر اجتماعات نہیں ہوئے تاہم بعض قدیمی اور گنجان آباد علاقوں کی گلی محلوں میں قائم مساجد میں شہریوں نے عبادت کی ۔ خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے آن لائن ویڈیو لنک کے ذریعے رقت آمیز دعا دعا کر ائی ۔ حکومت سندھ کی پابندیوں کی وجہ سے ملکی تاریخ میں پہلی بارکراچی میں شب برات انتہائی سادگی اور خاموشی سے منائی گئی ، ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی حکومت نے شب برات کے موقع پر شہریوں کے مساجد ،مزارات ا ور قبرستانوں میں جانے پر پابندی عائد کردی ۔ تنظیم اتحاد امت پاکستان کے زیر اہتمام ’’رجوع الیٰ اﷲ ‘‘مہم کے سلسلہ میں ملک بھر میں شب برات مذہبی واحترام سے منائی گئی ،پیر محمد ضیاء الحق نقشبندی نے کہا کورونا کی وجہ سے ہمیں چا ہیئے کہ ہم مکمل توجہ اوریکسوئی کے ساتھ نبی کریم ﷺ کے وسیلہ سے اﷲ کی بارگاہ میں جھک جائیں ۔