پشاور(خبرنگار )وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر ڈاکٹر نور الحق قادری نے کہاہے کہ علما فرقہ واریت سے اجتناب کر یں تو مسائل کا حل ممکن ہے ،علما اور حکمران اگر صلح کی کوشش کریں تو سب کچھ ٹھیک ہو سکتا ہے ، علماء کی مشاورت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں ، عید کے دنوں میں بھی ایس او پیز کا خاص خیال رکھا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے متحدہ شریعت محاذ پاکستان کے زیر اہتمام پشاور پریس کلب میں اتحاد امت کانفرنس کے انعقاد کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا جس میں مختلف مسالک کے علماء کرام روح اللہ مدنی ،پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفور ،عابد حسین شاکری،مولانا صاحبزادہ جنید مانکی شریف ، مقصود سلفی اور دیگر علمائے کرام نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔کانفرنس سے نورالحق قادری نے خطاب میں کہا کہ حکومت اور علماء کے درمیان رابطہ قائم رہنا چاہئے ،40 سال ملک کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی، لسانیت اور قومیتوں کے نام پر لوگوں کو آپس میں لڑانے کی کوششیں کی گئی،علماء کرام سے گزارش ہے عید کے دنوں میں ایس او پیز کا خصوصی خیال رکھیں ، نور الحق قادری نے کہا کہ90 کی دہائی میں علما ء کرام نے فرقہ واریت کو مشترکہ کوششوں کے ذریعے ناکام بنایا۔این این آئی کے مطابق پیر نورالحق قادری نے کہا کہ ملکی مسائل علما سے رہنمائی لینے سے حل ہو جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے علما نے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کر کے نمایاں کردار ادا کیا۔شرکا نے کہا کہ قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دینا علمائے کرام کے اتفاق سے ہی ممکن ہوا ۔ علمائے کرام نے مستقبل میں اتفاق سے مسائل حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔