کراچی/اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، سپیشل رپورٹر)جعفریہ الائنس کے سربراہ اور سابق سینیٹر علامہ عباس کمیلی طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے ۔ علامہ عباس کمیلی گزشتہ چار ماہ سے کراچی کے علاقے سولجر بازار میں واقع ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے جہان وہ گزشتہ روز خالق حقیقی سے جا ملے ۔ ان کی نماز جنازہ نمائش کے قریب شاہ خراسان میں ادا کر دی گئی۔گورنر سندھ عمران اسماعیل ،میئر کراچی وسیم اختر سمیت سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ وزیر اعظم عمران خان نے علامہ عباس کمیلی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیاہے اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہاکہ علامہ عباس کمیلی اتحاد بین المسلمین اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ایک مضبوط آواز تھے ۔ اﷲ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ اور سوگواران کو صبر عطا فرمائے ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ،گورنرسندھ عمران اسماعیل اوروزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے الگ الگ پیغامات میں علامہ عباس کمیلی کے انتقال پرتعزیت اورافسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک اچھے عالم اور اچھے انسان تھے ،مرحوم کی فرقہ واریہ یکجہتی کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔