پشاور (این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک)جمعیت علماء اسلام(ف) کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ علماء کرام امت مسلمہ کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ سامراج سے آزادی اور وطن عزیز کے اسلامی تشخص کی بقا کیلئے علماء کرام نے لازوال خدمات انجام دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاور کے مقامی ہسپتال میں جمعیت علمائے اسلام کے سرپرست اعلیٰ بزرگ عالم دین اور شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا کے تلمیذ خاص شیخ الحدیث مولانا حمداﷲ جان باباجی کی عیادت کے موقع پر کیا۔ مولانا فضل الرحمٰن کچھ دیر حضرت باباجی کے پاس رہے اور انکی جلد صحتیابی کیلئے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے مولانا حمداﷲ جان کی صحت سے متعلق انکے فرزند اشفاق خان اور ڈاکٹروں سے تفصیلی بات چیت بھی کی۔ فضل الرحمٰن نے مولانا حمداﷲ جان کو امت مسلمہ کا عظیم سرمایہ قرار دیتے ہوئے انکی دینی، علمی سیاسی اور سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔