اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے علمائکرام پر زور دیا ہے کہ وہ منبر و محراب سے کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کو اجاگر کریں کیونکہ مقبوضہ کشمیر اور ہندوستان کے مسلمانوں کو کلمہ گو ہونے اور محمد عربیﷺ کا پیروکار ہونے کی سزا دی جا رہی ہے ۔ گزشتہ روزصدرسردارمسعودخان نے کشمیر ہائوس اسلام آباد میں مولانا امتیاز احمد عباسی کی قیادت میں علمائکرام کے وفد سے گفتگو میں کہا کہ علمائکرام، مذہبی رہنمائوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا اور اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی صفوں میں مزید اتحاد و اتفاق پیدا کر کے اپنے مظلوم اور بے بس بھائیوں اوربہنوں کی مدد اور داد رسی کے لئے کمر بستہ ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی انتہا پسند حکومت کی ہندوتوا پالیسی تہذیبوں کے تصادم کی طرف لے جا رہی ہے جس کے اثرات پوری دنیا کے لئے تباہ کن ہونگے ۔