اسلام آباد (سپیشل رپورٹر،این این آئی)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی کی کشمیر کاز کیلئے گراں قدر خدمات ہیں، ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا، دونوں جانب سے معمول کی رابطہ ہوتا رہتا ہے ، عالمی برادری بھارتی حکومت سے کشمیری قیادت اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کرے ،پاکستان کی جموں و کشمیر پر پالیسی میں تبدیلی نہیں آئی۔صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کو مسلسل وحشیانہ فوجی محاصرے کا سامنا ہے رواں سال فروری میں جعلی سرچ آپریشن میں مذید 6 کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا، پاکستان ان کشمیریوں کو شہید کرنے کی مذمت کرتا ہے مقبوضہ کشمیر میں آسیہ اندرابی شبیر شاہ یاسین ملک سمیت کئی رہنما مسلسل قید ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو انکی جبری نظر بندی پر تشویش ہے ، عالمی برادری بھارتی حکومت سے کشمیری قیادت اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کرے ۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کشمیر پر ہمیشہ سے بات چیت کیلئے تیار ہے ۔انہوں نے کہا بھارت کے اندر بھی اقلیتوں کو خطرات ہیں۔ افغانستان میں امن عمل میں گزشتہ سال تین اہم پیش رفت ہوئیں جن میں طالبان افغان قیادت طالبان امریکہ مفاہمت اور انٹرا افغان مذاکرات شامل ہیں۔ ہم امید رکھتے ہیں کہ ان پیش رفت کو بنیاد بنا کر افغان امن عمل آگے بڑھے ۔ زاہد حفیظ نے کہا کہ حکومت پاکستان معاشی میدان میں کام کر رہی ہے اور اس سلسلے میں سب سے بڑا پراجیکٹ سی پیک اور گوادر پورٹ ہیں، ترکی کے ساتھ ریل پراجیکٹ میں مزید ممالک بھی شامل ہو نگے ۔2021ء پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کو70 برس ہو جا ئینگے اور اس موقع کو شایان شان انداز سے منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔