نئی دہلی(نیٹ نیوز) بھارت کے آرمی چیف جنرل بپن راوت نے حکومت اور بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے اور عسکریت پسندوں کے مابین براہ راست مذاکرات کو خارج از امکان قرار دیا۔ انھوں نے اپیل کی کہ وہ حکومت کے مقرر کردہ مذاکرات کار سے بات چیت کریں۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات کار تمام فریقوں سے بات چیت کر رہے ہیں۔ جو بھی چاہے ان سے بات کر سکتا ہے ۔ اگر علیحدگی پسند مذاکرات کی میز پر نہیں آئیں گے تو کچھ بھی نہیں ہو سکتا۔یاد رہے کہ حکومت نے گزشتہ سال نومبر میں آئی بی کے سابق سربراہ دنیشور شرما کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے تمام فریقوں سے مذاکرات کی غرض سے اپنا نمائندہ مقرر کیا تھا۔ انھوں نے بعض سیاسی شخصیات سے گفتگو کی لیکن علیحدگی پسند رہنماؤں اور عسکریت پسندوں نے ان سے مذاکرات سے انکار کر دیا تھا۔