اسلام آباد(آن لائن)پاک امریکہ بزنس کونسل کے بانی چیئرمین افتخار علی ملک نے ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان کے ساتھ تجارتی حجم بڑھانے کے بیان کا خیرمقدم کیا ہے ۔ تاجروں اور سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار علی ملک نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت تاثر میں بہتری آ رہی ہے اور امریکی کمپنیاں اور سرمایہ کار پاکستان میں مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں، یہ امر خوش آئند ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ پاک امریکہ تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات بڑھانے کیلئے پرجوش ہیں۔اس سال امریکہ سے 15 تجارتی وفود کی پاکستان آمد متوقع ہے ، اس سے بھر پور استفادہ کیلئے جامع حکمت عملی کی تیاری اور پلاننگ کی ضرورت ہے ۔افتخار علی ملک نے کہا کہ عالمی بینک کی طرف سے کاروباری آسانیوں کی درجہ بندی میں پاکستان کی 28 درجے بہتری اور عالمی سطح پر اصلاحات کرنیوالے ٹاپ ٹین ممالک میں شامل ہونے کے بعد صورتحال غیر معمولی طور پر تبدیل ہوگئی ہے۔موجودہ حکومت کی جانب سے امن و امان کی بحالی اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کے نتیجہ میں بھی پاکستان میں کاروباری ماحول بہت بہتر ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کمپنیوں کے لئے زراعت ، لائیو سٹاک، فوڈ پراسیسنگ اور سمندری غذاء کے شعبوں میں بھر پور مواقع اور امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے بھی پاکستان میں مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے لئے بہت سے مواقع پیدا ہوئے ہیں اور یہ امریکی سرمایہ کاروں کے دورہ کے لئے انتہائی موزوں وقت ہے ۔انہوں نے مقامی تاجروں اور سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ امریکی سرمایہ کاروں کو سی پیک کے تحت قائم ہونے والے خصوصی اقتصادی زونز خاص طور پر فیڈمک کے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کریں۔