لاہور(سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ عمر اکمل اپنی حرکتوں پر نظرثانی کرے اور اسے یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ وہ کس قسم کے لوگوں کے ساتھ اٹھتا بیٹھتا ہے ۔ سپاٹ فکسنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خان آفریدی نے عمر اکمل کا ذکر کیا اور کہا عمر اکمل کو واقعی اپنی ’کمپنی‘ سے متعلق نظرثانی کرنے اور اپنی ترجیحات سے متعلق فیصلے کرنے کی ضرورت ہے ۔وہ ایک بہت اچھے بلے باز ہیں لیکن اس طرح نہیں چل سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی اکثریت مناسب تعلیم کے بغیر ہی آگے آتے ہیں اور ایسے لوگوں کیلئے آسان شکار بن جاتے ہیں جو کرکٹ میں کرپشن کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔میرا خیال ہے کہ بورڈ کو ایسے کھلاڑیوں کے لئے گرومنگ اور ایجوکیشن پروگرام شروع کرنے کی ضرورت ہے ۔