پشاور، اسلام آباد (خبرنگار،این این آئی) عمران خان بغیر پروٹوکول کے پشاور میں نیب کے دفتر گئے جبکہ پرویز خٹک عمران خان کی گاڑی ڈرائیو کررہے تھے ۔گزشتہ روز عمران خان کی گاڑی کیساتھ پروٹوکول کی گاڑیاں موجودنہیں تھیں۔ تاہم عمران خان کی آمد کے پیش نظر نیب دفتر کے باہر خصوصی سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے ، بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ بھی تعینات کیا گیا تھا، تحریک انصاف کی جانب سے ہیلی کاپٹرکیس کی تحقیقات کو خوش آئند قرار دیا گیا ہے ۔قبل ازیں عمران خان نے پشاور روانہ ہوتے ہوئے ملنے والاپروٹوکول واپس کردیا اور صرف دو گاڑیوں کا قافلہ لیکر اسلام آباد سے پشاور گئے جبکہ پشاور پہنچ کر بھی کوئی پروٹوکول نہیں لیا ۔ پارٹی ترجمان فواد چودھری کے مطابق عمران خان نے ہدایت کی کہ انکے قافلہ میں پروٹوکول کی گاڑیاں شامل نہ جائیں۔ عمران نے اپنی نقل وحرکت کے دوران روٹ نہ لگانے کی ہدایت بھی کی ہے ۔