اسلام آباد (سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے ایک بار پھر بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کردی ، پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم مودی کو خط ارسال کیاہے جس میں بھارتی وزیر اعظم کو دوبارہ وزارت عظمیٰٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی ہے ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے خط میں کہاہے کہ پاکستان خطہ میں امن کا خواہاں ہے ، امن و استحکام سے ہی خطہ میں ترقی آسکتی ہے ، پاکستان کشمیر سمیت تمام مسائل کا حل چاہتا ہے ، خطہ میں ترقی کیلئے ایک ساتھ کام کرنا ضروری ہے ،خطہ میں ترقی کیلئے ایک دوسرے کا احترام ضروری ہے ، خط میں کہاگیا کہ مذاکرات کے ذرئعے ہی دونوں ممالک کے عوام کو غربت ، افلاس اور دیگر مسائل سے نکالا جا سکتا ہے ،آگے بڑھے کیلئے مشترکہ طور پر خطہ میں امن و استحکام کیلئے کاوشیں ضروری ہیں۔دریں اثنا وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی ہم منصب کو خط لکھا ہے جس میں انہیں ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دے دی ۔ شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کو خط لکھا ہے جس میں انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے اور خط کے متن میں کہا ہے کہ پاکستان چاہتاہے کہ بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل پر بات چیت ہو اور خطے میں امن و استحکام پیدا ہو کیونکہ خطے میں امن و استحکام سے ہی ترقی ممکن ہے اور یہی دونوں ممالک کے لئے بہتر ہے ۔