مظفرآباد(صباح نیوز) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر کی زیر صدارت 5اگست کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی، ہندوستان کے غاصبانہ قبضہ کیخلاف بھرپور احتجاج اور وزیر اعظم پاکستان کے مجوزہ دورہ کے انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس منگل کے روز ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ 5اگست کو لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور پوری دنیا میں مقیم کشمیری یوم استحصال بھرپور انداز میں منائیں ۔ اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان مظفرآباد کا دورہ کر ینگے جبکہ29جولائی سے 5اگست تک چیئرمین سینٹ ، خواتین پارلیمنٹرین ، وفاقی وزرا، صوبائی پارلیمانی وفود بھی آزاد کشمیرکا دورہ کر کے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے اور مختلف مہاجر کیمپوں میں بھی جائینگے ۔5اگست کو وزیر اعظم پاکستان مظفرآباد میں احتجاجی جلوس کی قیادت کر ینگے جس کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے ۔