حافظ آباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر) این اے 87 سے تحریک انصاف کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی چودھری شوکت علی بھٹی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ملک کو ترقی کی نئی منازل پر رواں دواں کرکے اسے اقوام عالم کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کلیدی مقام کا حامل بنائے گی۔ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان زندگی کے ہر شعبے میں حکومتی لازوال پالیسیوں کی بدولت خوب ترقی کریگا جس سے ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وہ این اے 87سے تحریک انصاف کی کامیابی کے سلسلہ میں نکالی گئی ریلی سے خطاب کے دوران کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت آگیا ہے جس ملک پاکستان کو لٹیروں، چوروں، مفاد پرستوں اور ملک دشمن عناصر سے پاک کیا جائے ۔عمران خاں کی قیادت میں نہ صرف ایسے عناصر کا خاتمہ ہوگا بلکہ احتساب کے عمل کو مزید بہتر بناتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی کو زیادہ فوقیت دی جائے گی۔